زہریلا انسان یا نرگسیت پسند ؟تحریر: نعیم خان
نقطہ نظرمیں اکثر جب اپنا چہرہ آئینے میں دیکھتا ہوں تو ذہن میں ایک سوال ضرور اٹھتا ہے کہ کہیں میرے کردار ، میرے خیالات اور میرے رویوں کی وجہ سے میرے چہرے پر کوئی نحوست ، کوئی لعنت یا پھٹکار تو نہیں پڑ گئی ؟ کہیں میرے دل کی سختی میرے چہرے پر تو ظاہر نہیں ہونے لگی ؟ کیا میرے چہرے کی وہ معصومیت اب بھی باقی ہے ؟ کبھی کبھی تو میں اپنے قریبی لوگوں سے بھی پوچھ لیتا ہوں کہ میرا چہرہ تو نہیں بدل رہا ؟ اس سوال کے پیچھے ایک خوف ہے کہ کہیں میری اپنی غلطیوں اور رویوں نے میرے اندر کی وہ سادگی اور معصومیت تو ختم نہیں کر دی جس کے ساتھ میں اس دنیا میں آیا تھا۔ میں حلال کھانے ، سچ بولنے ، اپنی غلطیاں ماننے ، کسی کا دل دکھانے پر معذرت کرنے اور لوگوں کی دی ہوئی تکلیفوں کو معاف کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ حتیٰ کہ کسی جاننے والے یا انجان شخص کے کام آنے کا موقع ملے تو اپنی استطاعت سے بڑھ کر بھی بے لوث اس کی مدد کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ لیکن پھر بھی خود کو اس سوال سے آزاد نہیں کر پاتا کہ جب اپنے رب کے حضور پیش ہوں گا تو کیا میرے پاس وہ معصومیت باقی ہوگی جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے مجھے اس دنیا میں بھیجا تھا ؟
شاید یہی سوال مجھے اپنی ذات کا جائزہ لینے اور اپنے اندر جھانکنے پر مجبور کرتا ہے۔ آج کل ایک اصطلاح بہت سننے کو ملتی ہے نرگسیت یا نارسزم۔ اسی موضوع کے حوالے سے انگریزی اصطلاح ’’زہریلی شخصیت‘‘ اور عام زبان میں ’’زہریلا انسان‘‘ کے الفاظ بھی استعمال ہوتے ہیں۔ نفسیات میں نرگسیت سے مراد شخصیت کا ایسا انداز ہے جس میں اپنی ذات ، اپنی اہمیت اور اپنی خواہشات کو غیر معمولی اہمیت دی جاتی ہے دوسروں سے مسلسل تعریف اور توجہ کی توقع رکھی جاتی ہے اپنی برتری کا احساس غالب رہتا ہے اور دوسروں کے جذبات ، ضرورتوں اور عزتِ نفس کو وہ اہمیت نہیں ملتی جس کے وہ حق دار ہوتے ہیں۔ اس کیفیت میں اپنی غلطی تسلیم کرنا مشکل ہو جاتا ہے ، تنقید برداشت نہیں ہوتی ، اختلاف کو اپنی توہین سمجھا جاتا ہے اور معاملات اپنی مرضی کے مطابق نہ چلنے پر الزام دوسروں کی طرف منتقل ہونے لگتا ہے۔ البتہ ہر خود پسندی ، ضد یا غصہ نرگسیت نہیں ہوتا۔ یہ ایک پیچیدہ نفسیاتی کیفیت ہے جس کی باقاعدہ تشخیص کوئی ماہرِ نفسیات ہی کر سکتا ہے۔ یہاں ہماری توجہ کسی شخصیت پر حکم لگانے کے بجائے ان رویوں اور کیفیات کو سمجھنے پر ہے جو انسانی تعلقات اور زندگی کے سکون کو متاثر کرتے ہیں۔
ضروری نہیں کہ یہ کیفیات ہمیشہ بلند آواز ، سخت لہجے یا کھلی بدتمیزی کی صورت میں ہوں۔ بسا اوقات نرم مزاجی ، ہمدردی اور خلوص کے اظہار کے ساتھ اپنی مرضی منوانے دوسروں کو احساسِ جرم میں مبتلا کرنے اور ان کے فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی خواہش بھی شامل ہو جاتی ہے۔ احسان کے ذریعے کسی کو اپنے تابع کرنے کی کیفیت بھی اسی سلسلے کی ایک شکل ہے۔ بظاہر کسی کی ضرورت کے بغیر بھی مالی مدد ، کوئی چیز یا سہولت پیش کرنا خیرخواہی دکھائی دیتا ہے لیکن جب اس کے پیچھے دوسرے کو احسان کے بوجھ تلے دبانے کی خواہش موجود ہو تو مدد کا مفہوم بدل جاتا ہے۔ پھر اسی مدد کا بار بار ذکر ، دوسروں کے سامنے اس کا پرچار اور موقع بے موقع احسان جتانا شروع ہو جاتا ہے۔ مقصد یہ ہوتا ہے کہ دوسرا شخص خود کو ہمیشہ اس احسان کا پابند سمجھے ، ہر بات مانے اور اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے میں بھی جھجک محسوس کرے۔ یوں بے لوث مدد کا خوب صورت جذبہ اپنی جگہ کھو دیتا ہے اور احسان کو اختیار حاصل کرنے کا ذریعہ بنا لیا جاتا ہے۔ اسی طرح اپنی غلطی تسلیم نہ کرنے ، بات کا رخ بدلنے ، دوسرے کے ردعمل کو اصل مسئلہ بنانے اور اپنی زیادتی کا جواز تلاش کرنے کی کیفیت بھی تعلقات میں ذہنی دباؤ پیدا کرتی ہے۔ مسلسل ایسے رویوں کے سامنے رہتے ہوئے اپنے ہی احساسات ، فیصلوں اور درست ہونے پر شک ہونے لگتا ہے۔
جب یہ رویے گھر کے اندر جگہ بناتے ہیں تو ان کے اثرات زیادہ گہرے ہوتے ہیں کیونکہ گھر وہ جگہ ہے جہاں محبت ، تحفظ اور عزت کی توقع سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ اولاد کے درمیان مسلسل موازنہ ، ایک کو دوسرے پر ترجیح دینا ، کسی کو کمتر اور کسی کو زیادہ قابل سمجھنا ، بہن بھائیوں کے درمیان محبت کے بجائے مقابلہ ، حسد اور دوریاں پیدا کر دیتا ہے۔ والدین کی خوشنودی حاصل کرنے کی کشمکش کبھی بہن بھائیوں کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کر دیتی ہے اور بچپن میں پیدا ہونے والی یہ دوریاں عمر بھر ساتھ چلتی ہیں۔ اسی طرح ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے کی رائے ، جذبات اور عزتِ نفس کو نظرانداز کرنا ، ہر اختلاف میں اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش ، غصے اور الزام تراشی کے ذریعے اپنی مرضی منوانا محبت اور اعتماد کو کمزور کر دیتا ہے۔ گھر کا ماحول رفتہ رفتہ سکون کے بجائے خوف ، دباؤ اور ذہنی تھکن کا سبب بننے لگتا ہے۔
ایسی کیفیت میں مسلسل رہنے سے اپنی پسند ، رائے اور احساسات کو چھپانے کی عادت پیدا ہونے لگتی ہے۔ ہر بات سے پہلے یہ سوچنا کہ کہیں کسی کو ناراضی نہ ہو جائے ، اپنے فیصلوں پر اعتماد کھو دینا اور قریبی رشتوں سے دوری محسوس کرنا ذہنی تھکن میں اضافہ کرتا ہے۔ یہاں ایک اور بات پر غور ضروری ہے کہ کسی ایک تعلق میں دھوکا یا تکلیف ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کے تمام لوگ ایسے ہیں۔ ایک تلخ تجربے کو ہر رشتے اور ہر انسان پر لاگو کر دینا بھی بداعتمادی اور تنہائی کو جنم دیتا ہے۔ اپنے دکھ کو کسی قابلِ اعتماد شخص سے بیان کرنا فطری بات ہے لیکن ہر مسئلے کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانا اور اپنی ذمہ داری سے مسلسل بچنا ایک الگ رویہ ہے۔ اپنی تکلیف کو سمجھنے کے ساتھ یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ کہیں ہمارے اپنے الفاظ اور اعمال کسی دوسرے کے لیے تکلیف کا سبب تو نہیں بن رہے۔
ان کیفیات سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر وقت بحث کرنا یا ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں۔ بعض اوقات خاموشی بہتر ہوتی ہے ، بعض اوقات مناسب فاصلہ رکھنا ضروری ہو جاتا ہے اور بعض اوقات واضح طور پر اپنی حدود بتانا پڑتی ہیں۔ اگر کسی تعلق میں بار بار توہین ، ذہنی دباؤ یا نقصان پہنچنے کا سلسلہ جاری ہو تو اپنی عزتِ نفس اور تحفظ کو مقدم رکھنا چاہیے۔ معاف کرنا ایک بڑی خوبی ہے لیکن معافی کا مطلب یہ نہیں کہ انسان خود کو بار بار اسی تکلیف کے حوالے کر دے۔ اعتماد کی بحالی کے لیے صرف الفاظ کافی نہیں ہوتے ، رویے میں مستقل تبدیلی بھی ضروری ہوتی ہے۔ اصلاح کا آغاز اپنی غلطی کو تسلیم کرنے اور اسے دہرانے سے بچنے کی کوشش سے ہوتا ہے۔ کسی دوسرے کی تبدیلی کا انتظار کرتے ہوئے اپنی زندگی اور ذہنی سکون کو نظرانداز کرنا بھی درست نہیں۔
لیکن ان ساری کیفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سوال بار بار میرے سامنے آتا ہے کہ کیا میں خود ان رویوں سے محفوظ ہوں ؟ کیا کبھی میں اپنی بات کو درست ثابت کرنے کے لیے دوسروں کی بات سننا چھوڑ دیتا ہوں ؟ کیا کسی کی کامیابی دیکھ کر میرے دل میں خوشی کے بجائے حسد پیدا ہوتا ہے ؟ کیا میں اپنی غلطی ماننے کے بجائے جواز تلاش کرتا ہوں ؟ کیا میں کسی کی عزتِ نفس کو اپنی انا کے نیچے دبا دیتا ہوں ؟ کیا میں کسی کی مدد کرکے اسے اپنا احسان مند سمجھنے لگتا ہوں ؟ کیا میں غصے میں ایسے الفاظ کہہ دیتا ہوں جن کا زخم دوسرے کے دل میں دیر تک رہتا ہے ؟ اور کیا میں کبھی اپنی تکلیف کو اتنی اہمیت دیتا ہوں کہ دوسرے کی تکلیف دیکھنا ہی چھوڑ دیتا ہوں ؟ یہ سوال صرف کسی ایک لمحے کے نہیں ، روزمرہ زندگی کے ہر تعلق اور ہر رویے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کیونکہ اپنی ذات میں موجود کمزوریوں کو تسلیم کرنا دوسروں کی خامیاں پہچاننے سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔
قرآنِ مجید انسان کو اس کی اسی حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ اس کے ظاہر کے ساتھ اس کا باطن بھی اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے۔ سورۃ الملک میں ارشاد ہے: أَلَا يَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ یعنی کیا وہ نہیں جانتا جس نے پیدا کیا اور وہی باریک بین پوری خبر رکھنے والا ہے؟ (الملک: 14) انسان اپنے بارے میں بہت کچھ سمجھ سکتا ہے اور اپنے اعمال کا جائزہ بھی لے سکتا ہے لیکن اپنے دل کی ہر چھپی ہوئی کیفیت اور اپنی نیت کے ہر گوشے سے ہمیشہ پوری طرح واقف نہیں ہوتا۔ اس کا خالق اس کے ظاہر و باطن کو جانتا ہے۔ جس ذات نے انسان کو پیدا کیا اس سے بڑھ کر کون جان سکتا ہے کہ اس کی فطرت کیا ہے ، اس کے اندر کون سی کمزوریاں ہیں اور کن رویوں سے اسے بچنے کی ضرورت ہے ؟ اسی لیے قرآنِ مجید تکبر سے روکتا ، حسد سے خبردار کرتا ، غصہ پی جانے اور لوگوں کو معاف کرنے کی ترغیب دیتا اور بار بار اپنے اعمال پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
سورۃ النساء میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ مَنْ كَانَ مُخْتَالًا فَخُورًا بے شک اللہ ایسے شخص کو پسند نہیں کرتا جو اترانے والا ، فخر جتانے والا ہو۔ (النساء: 36) یہ آیت اپنی ذات کو دوسروں سے بڑا سمجھنے اور اپنی بڑائی جتانے سے روکتی ہے۔ سورۃ الحشر میں ارشاد ہے: وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ہر شخص کو دیکھنا چاہیے کہ اس نے آنے والے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے۔ (الحشر: 18) یہ محاسبۂ نفس کی واضح دعوت ہے کہ دوسروں کے اعمال گننے سے پہلے اپنے اعمال کا جائزہ لیا جائے۔ اسی طرح سورۃ آل عمران میں اللہ تعالیٰ غصہ پی جانے اور لوگوں کو معاف کرنے والوں کی تعریف فرماتے ہیں۔ (آل عمران: 134) اور سورۃ الشوریٰ میں برائی کا بدلہ اسی کے برابر دینے کی اجازت کے ساتھ معاف کرنے اور اصلاح کرنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے۔ (الشوریٰ: 40) ان آیات کی روشنی میں اپنی انا ، غصے اور خواہشات کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ نہ اپنے عمل سے کسی پر ظلم ہو اور نہ اپنی عزت و سلامتی کو دوسروں کے رویوں کے حوالے کیا جائے۔
سورۃ البقرہ میں ان لوگوں کا ذکر ہے جو زمین میں فساد پھیلاتے ہیں مگر کہتے ہیں کہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ الْمُفْسِدُونَ وَلَٰكِنْ لَا يَشْعُرُونَ خبردار ! یہی لوگ فساد پھیلانے والے ہیں لیکن انہیں شعور نہیں۔ (البقرہ: 12) یہ آیت اپنے دعووں اور اپنے عمل کے درمیان فرق پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ نیت کو مخلص سمجھتے ہوئے بھی عمل سے کسی کا دل دکھ رہا ہو ؟ کہیں اصلاح کے نام پر اپنی مرضی مسلط تو نہیں ہو رہی ؟ کہیں اپنی بڑائی ، اپنی خواہش یا اپنی تعریف کی طلب کسی نیک عمل کے اصل مقصد کو تو متاثر نہیں کر رہی ؟ اپنے بارے میں قائم کیے ہوئے اچھے تصور سے نکل کر اپنے عمل کو دیکھنا ہی خود احتسابی کا مشکل ترین مرحلہ ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو ایک بہترین ساخت اور صلاحیت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشاد ہے: لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ بے شک ہم نے انسان کو بہترین ساخت میں پیدا کیا۔ (سورۃ التین: 4) زندگی کے حالات ، ماحول ، تربیت ، تلخ تجربات اور انسان کے اپنے فیصلے اس کے رویوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ کبھی اپنی تکلیف ، انا اور منفی سوچ کے زیرِ اثر انسان اپنے ہی کردار سے دور ہونے لگتا ہے۔ لیکن یہ کیفیت اس کی لازمی اور آخری پہچان نہیں۔ اپنی غلطی کو پہچاننا ، اسے تسلیم کرنا ، اس پر نادم ہونا اور اپنے عمل کو بدلنے کی کوشش کرنا اصلاح کا راستہ ہے۔ انسان کو اپنی اصل فطرت کی طرف واپسی کے لیے سب سے پہلے اپنے اندر پیدا ہونے والی منفی سوچ اور رویوں کو پہچاننا ہوگا۔ کسی دوسرے کو بدلنے کی خواہش سے پہلے اپنے اندر تبدیلی لانے کا ارادہ ضروری ہے۔
شاید اسی لیے آج بھی جب میں آئینے کے سامنے کھڑا ہو کر اپنا چہرہ دیکھتا ہوں تو دل میں یہی سوال اٹھتا ہے کہ کہیں میرے باطنی کردار کی کوئی جھلک میرے چہرے سے تو ظاہر نہیں ہونے لگی ؟ میں نہیں چاہتا کہ وقت ، حالات ، میری انا یا میرے رویے میری وہ معصومیت چھین لیں جسے میں اپنے وجود کا ایک قیمتی حصہ سمجھتا ہوں۔ میں یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ میں مکمل طور پر درست ہوں یا میرے اندر کوئی خامی نہیں۔ میری کوشش صرف یہ ہے کہ اپنے رب کے حضور پیش ہونے سے پہلے اپنی کمزوریوں کو پہچانوں ، اپنی غلطیوں کو تسلیم کروں اور اپنے کردار کی اصلاح کرتا رہوں۔ کیونکہ اصل کامیابی دوسروں کی خامیاں تلاش کرنے میں نہیں بلکہ اپنے اندر موجود خامیوں کو پہچان کر انہیں دور کرنے کی کوشش میں ہے۔ انسان جب اپنی اصلاح کا سفر خود سے شروع کرتا ہے تو دوسروں کو سمجھنے اور ان کے ساتھ بہتر سلوک کرنے کا راستہ بھی کھلتا ہے۔



