اسلام آباد:اسلام آباد کی احتساب عدالت نے لوک ورثہ فنڈز میں خرد برد کے الزام میں پیپلز پارٹی کی سینٹر روبینہ خالد پر فرد جرم کی کاروائی موخرکردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں لوک ورثہ کے فنڈز میں خرد برد کے الزام میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی ۔پی پی سینیٹر روبینہ خالد طبیعت ناسازی کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکی، جس پر آج فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت کا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے فرد جرم کی کاروائی کے لیے دو اگست کی نئی تاریخ مقرر کی۔
واضح رہےکہ یکم جولائی کو نیب راولپنڈی نے پیپلزپارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف کرپشن ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا تھا،نیب کے مطابق ملزمان پر لوک ورثہ کے فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے، ملزمان کی وجہ سے30.13 ملین روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔