کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی کے زیر صدارت پارٹی کے صوبائی عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور مختلف ڈویژنل و ضلعی عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس ہوا
اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،مرکزی کمیٹی اور لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن میر محمد صادق عمرانی نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی عہدیداروں، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور بلوچستان کے ڈویژنل،ضلعی اور زیلی ونگز کے صدور،جنرل سیکرٹریز اور اطلاعات سیکرٹریز بھی شریک تھے۔
اجلاس میں 27 فروری حکومت مخالف لانگ مارچ کی تیاریوں اور شرکت کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور لائحہ عمل طے کیا گیا۔
صوبائی صدر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان بھر کے پارٹی عہدیداران و کارکنان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے بلوچستان سے بڑے قافلے کی شکل میں لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔
اجلاس میں بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو، پارٹی کے تمام شہداء اور حال ہی میں فوت ہونے والے پارٹی کے مختلف رہنماؤں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی گئی۔
ادھر سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امید ہے بی یو جے صوبے کے مسائل اور صحافیوں کے حقوق پر ماضی کی طرح کاربند رہے گی,
نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کے صحافیوں نے مسائل کی نشاندہی میں اپنے جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے, پاکستان پیپلزپارٹی صوبے کے صحافیوں کے حقوق کی جنگ میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا بھرپور ساتھ دیگی,








