پاکستان شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل اور سینیئر اداکارہ ریشم نے تمغۂ حُسن کارکردگی سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمغہ میری محنت کا میٹھا پھل ہے۔
باغی ٹی وی :اداکارہ ریشم نے فوٹو و ویڈیو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر صدرِ مملکت سے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے تصاویر شیئر کیں اور خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’زندگی کا یہ لمحہ ایک خواب سا لگ رہا ہے، لیکن اس خواب کوسچ کیا میرے خدا نے –
ریشم نے لکھا کہ یہ پرائیڈ آف پرفارمنس کا تمغہ نہیں بلکہ میری محنت کا وہ میٹھا پھل ہے کہ جسے میرے رب نے مجھے چکھنا نصیب کیا۔
واضح رہے کہ ایوان صدر اور چاروں صوبوں کے گورنر ہاوسز میں اعزازات کی تقسیم کے لیے تقاریب منعقد کی گئیں جن میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور صوبائی گورنروں نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر گزشتہ سال نامزد ہونے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا جن میں ادکاروں، فن کاروں اور فن و ادب س تعلق رکھنے والوں کی نمایاں تعداد شامل ہے۔
ان تقاریب میں 23 شخصیات کو ستارہ شجاعت، 8 کو ستارہ امتیاز، 21 کو تمغہ شجاعت، 8 کے لیے تمغہ امتیاز، 6 کو نشان امتیاز، 3 کو ہلال امتیاز، ایک کے لیے ہلال قائد اعظم، ایک کو ستارہ پاکستان، 6 کو ستارہ قائد اعظم، ایک کو تمغہ پاکستان، ایک کو تمغہ قائد اعظم جبکہ 14 شخصیات کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔