اداکارہ انجمن جن کو پرائیڈ آف پرفارمنس دئیے جا نے کا اعلان کیا گیا ہے وہ اس اعلان پر ہیں بہت خوش. ان کا کہنا ہے کہ مجھے یہ ایوارڈ کافی لیٹ مل رہا ہے لیکن پھر بھی میں حکومت پاکستان کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عزت بخشی ہے. میں بہت محسوس کرتی تھی جب مجھ سے بعد میں آنے والوں کو پرائیڈ آف پرفارمنس ملتا تھا لیکن میں خاموش ہی رہتی تھی کچھ نہیں کہتی تھی. میرے مداح بہت افسردہ رہتے تھے کہ کیوں مجھے یہ ایوارڈ نہیں دیا جا رہا تھا لیکن یقینا میرے مداح بھی اب میری طرح کافی خوش ہیں. انجمن کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ بہت محنت سے کام کیا اور میرے کام کو عوام میں بہت
پذیرائی ملی، میری فلمیں کئی کئی مہینے سینما گھروں سے نہیں اترتی تھیں. میری تقریبا فلموں نے ڈائمنڈ ،گولڈن اور پلاٹینیم جوبلی کی. مجھے کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے، میرا چونکہ قسمت پر بہت یقین ہے لہذا ہمیشہ ہر معاملے میں یہی سوچا کہ جب جو قسمت میں ہو گا مل جائیگا. انجمن نے مزید یہ بھی کہا کہ مجھے اب بھی اگر کوئی اچھا اور پاور فل کردار آفر ہو گا تو یقینا میں کروں گی. آج کل کے فنکار بہت اچھا کام کررہے ہیں ان سب کا کام دیکھ کر دل کو خوشی ہوتی ہے.اچھی اور مثبت بات یہ ہے کہ فلمیں اچھا بزنس کررہی ہیں.