وزیراعظم پاکستان عمران خان آج صبح دورہ امریکہ سے واپسی پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کی ایئرپورٹ آمد پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خاں، فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری، مراد سعید، جہانگیر ترین اور دیگر وزراء سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے زبردست استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، کارکنان کی جانب سے اپنے قائد عمران خان کا دیکھ کر زوردار نعرے بازی بھی کی گئی،
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے رات گئے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کا دورہ امریکہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے. اللہ کا شکر ہے کہ میں میں خود سوائے اللہ تعالیٰ کے، کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ پاکستانی قوم کو جھکنے دوں گا،
وزیر اعظم عمران خان کی آمد پر اسلام آباد سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے علاوہ کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی، سوشل میڈیا پر بھی عمران خان کے خطاب کو شیئر کرتے ہوئے ان کے حق میں زبردست مہم چلائی جاتی رہی،
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کو ہر لحاظ سے تاریخی قرار دیا جا رہا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران ڈومور کی بات نہیں کی گئی اور وزیر اعظم کی جانب سے بھی پاکستان کا مقدمہ صحیح طور پر ان کے سامنے پیش کیا گیا ہے. دورہ امریکہ کے دوران عمران خان کی باڈی لینگویج بھی اچھی رہی، امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی بات بھی کی اور کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ان سے ثالثی کیلئے کہا ہے، عمران خان اور ٹرمپ کے مابین ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے کشیدہ تعلقات میں بھی بہت بہتری آئی ہے، امریکی صدر ٹرمپ نے عمران خان سے ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا اور آئندہ بھی نبھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،