اسلام آباد: پہلے کشمیر : وزیراعظم نے بھارت سے کیڑے مار ادویات منگوانے کی سمری مسترد کردی، اطلاعات کےمطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت ممکن نہیں۔
ذرائع کےمطابق آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ اجلاس میں بھارت سے کیڑے مار ادویات کی درآمد کا معاملہ ایک بار پھر مؤخر ہوگیا۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ بھارت سے ڈینگی اسپرے منگوانے کی پنجاب حکومت کی سمری مسترد کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بھارت سے تجارت کے حوالے سے سمری کو مسترد کیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لیے پہلے کشمیراورکشمیری ہیں اس لیے تجارت کوئی اہمیت نہیں رکھتی
کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت سے تجارت ممکن نہیں۔خیال رہے کہ 7 اگست 2019 کو قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت سے دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی 9 اگست کو وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دی تھی۔