پرندوں کو آزاد کرو تحریر: سحر عارف

0
69

پرندہ وہ جاندار ہے جسے اللّٰہ پاک نے اڑنے کی صلاحیت عطاء کی ہے۔ پرندے اللّٰہ پاک کی بےحد خوبصورت تخلیق ہیں۔ جب وہ آسمان میں اڑتے ہیں تو دیکھنے والے کو اپنا دیوانہ بنا لیتے ہیں۔ انھیں آزادی سے آسمان پہ رقص کرتے دیکھ کر جاندار رشک کر اٹھتا ہے۔ ان سے معصومیت اور خوبصورتی میں کو جیت نہیں سکتا۔

مجھے یاد ہے میں بچپن میں جب بھی پرندوں کو آڑتا دیکھتی تھی تو ہمیشہ خواہش ہوتی تھی کہ کاش میں بھی اڑ سکتی، کاش میرے بھی پر ہوتے۔ اور جب میں اڑنا سیکھ جاتی تو پورا آسمان گھومتی اور خوب سارا اڑتی۔

خیر ایسی خواہشات تو ہر بچے کے ذہن میں آتی ہونگی۔ پرندوں کی خوبصورتی اور پھر ان کے اڑنے کی صلاحیت تو ہر جاندار کو اپنی طرف متوجہ کرلیتی ہے۔ نا چاہتے ہوئے بھی انسان بہت کچھ سوچنے لگتا ہے۔ ناجانے کیوں پرندوں کو کھلے آسمان میں آزادی سے اڑتا دیکھنا دل کو بہت خوشی کا احساس دیتا ہے شاید اس لیے کیونکہ وہ پیدا ہی اڑنے کے لیے ہوتے ہیں۔

لیکن افسوس کہ ہم آج کے انسان پرندوں کو بھی نہیں بخشتے۔ ہم تو ان سے بھی اڑنے کا حق چھیننے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ ناجانے کیوں ہم انسانیت سے گرتے چلے جارہے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اللّٰہ پاک نے انہیں کائنات کی خوبصورتی کے لیے پیدا کیا ہے۔ مجھے تو ان کی اڑان دیکھ کے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اڑتے ہیں تو اللّٰہ پاک کی حمد و ثناء کرتے ہیں۔

لیکن پھر بھی جیسے جیسے انسان تعلیم کی دنیا میں آگے سے آگے نکلتا چلا جارہا ہے وہ پرندوں سے ان کے حقوق چھیننے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔ صرف اپنی خوشی اور تفریح کی خاطر پرندوں کو خرید کے گھروں میں پنجروں کے اندر قید کرتا ہے۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ ایک جاندار کے لیے آزادی کیا چیز ہے۔ آزادی کے بغیر تو ہم انسان بھی زندہ نہیں رہ سکتے وہ تو پھر معصوم سے پرندے ہوتے ہیں۔

جیسے آزادی ہم انسانوں کے لیے نعمت ہے ویسے ہی پرندوں کے لیے بھی ہے آخر کار وہ بھی تو جاندار ہیں۔ انسانوں کا پرندوں پر ظلم صرف یہاں ہی ختم نہیں ہوتا بلکہ اب تو جانوروں کی طرح پرندوں کا شکار بھی عام سے عام ہوتا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہمیں آسمان پر پرندے پہلے کہ نسبت کم نظر آتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ مل کر پرندوں کے شکار اور ان کی قید کے خلاف آواز اٹھائیں اور اپنے انسان ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے پرندوں کی آزادی کے معاملے میں تھوڑی انسانیت دیکھائیں۔

اور جہاں بھی پرندوں کی خریدوفروخت دیکھیں فوری طور پر اس کے خلاف کام کریں۔ کیونکہ پرندے آسمانوں پر ہی اڑتے ہوئے خوبصورت لگتے ہیں پنجروں میں قید نہیں۔ اس لیے خود سے عہد کریں کہ کبھی بھی زندگی میں پرندوں کو قید نہیں کریں گے۔

@SeharSulehri

Leave a reply