لاڑکانہ :70 قیدیوں کی دیگرجیل منتقلی کے بعد سینٹرل جیل لاڑکانہ میں کشیدگی، قیدیوں نے 7 پولیس اہلکاروں کویرغمال بنالیا۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ان قیدیوں نے بڑا ہی عجیب مطالبہ کردیا ہے
ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ مولا بخش سہتوکے مطابق سینٹرل جیل کے 70 قیدیوں کو لاڑکانہ جیل سے دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ منتقلی کا کام انتظامی وجوہات کی بنا پر کیا گیا جس کے بعد سینٹرل جیل لاڑکانہ میں کشیدگی ہے ۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں نےسینٹرل جیل کے 7 اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے جن میں ہیڈ کانسٹیبل عبدالرشید، کانسٹیبل شاہنواز، وحید بھٹو ، عمران ظہرانی، غلام مرتضیٰ ، دامن جاگیرانی اور طارق شامل ہیں۔
جیل ذرائع کے مطابق جیل انتظامیہ اور قیدیوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی رہائی کیلئے آپریشن زیر غور ہے، قیدیوں کا کہنا ہے کہ دوسری جیلوں میں بھیجے جانے والے قیدیوں کی واپسی تک اہلکاروں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ مولا بخش سہتو کے مطابق آئی جی، ڈی آئی جی جیل کو قیدیوں کے مطالبات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ مولا بخش سہتو نے بتایا کہ لاڑکانہ جیل میں 600 قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن جیل میں ایک ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں، قیدیوں کی اضافی تعداد کے باعث انتظامی مسائل درپیش ہیں۔