سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی میر دوست محمد مزاری کی گرفتاری کے خلاف انڈس ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ

باغی ٹی وی ،راجن پور (نامہ نگار)روجھان میں سابق ڈپٹی اسپیکر میر دوست محمد مزاری کی گرفتاری کے خلاف انڈس ہاٸی وے پر احتجاجی مظاہرہ مظاہرین کی جانب سے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ، مظاہرین نے انڈس ہائی وے پر ٹائر جلا کر قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا. یاد رہے کہ کل شام کو یہ خبریں وائرل ہوئی تھیں کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق کل محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو نجی اسپتال سے گرفتارکیا تھا،دوست محمد مزاری کے کزن شہباز مزاری نے بھی گرفتاری کی تصدیق کردی تھی ، ان کا کہنا تھا دوست محمد مزاری دادا کی عیادت کیلئے اسپتال آئے ہوئےتھے جہاں سے اینٹی کرپشن ٹیم نے انہیں گرفتار کیاہے،دوسری طرف آج لاہور کی مقامی عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا ہے۔عدالت نے زمینوں پر قبضے کے مقدمے میں دو روز کےلیے جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا.
اینٹی کرپشن حکام نے دوست محمد مزاری کوضلع کچہری لاہور میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔اینٹی کرپشن کے وکیل نے سابق ڈپٹی اسپیکر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ دوست محمد مزاری سے زمین پر قبضے کے الزام کی چھان بین کرنی ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
سابق ڈپٹی اسپیکر کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ اینٹی کرپشن حکام نے سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا اور گرفتاری کی۔

Leave a reply