لنڈی کوتل:بھگیاڑی چیک پوسٹ پر احتجاج، پاک افغان تجارت معطل، ٹرانسپورٹرز پریشان
لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) گزشتہ ایک ہفتے سے بھگیاڑی چیک پوسٹ پر تیراہ راجگل کوکی خیل کے متاثرین ملک نصیر کوکی خیل کی قیادت میں پشاور تورخم شاہراہ کو بلاک کر رہے ہیں۔ اس احتجاجی دھرنے کی وجہ سے پاک افغان دو طرفہ تجارت مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے۔
اس صورتحال کی وجہ سے کچھ ٹرانسپورٹر اپنے تجارتی سامان کو لوے شلمان کے راستے سے پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں منتقل کر رہے ہیں۔ تاہم، اس متبادل راستے پر گاڑیاں اکثر خراب ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پاک افغان تجارت کی معطلی سے ملک کے خزانے کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے متعلقہ حکومتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تیراہ راجگل متاثرین کا مسئلہ جلد از جلد حل کریں یا پھر احتجاجی دھرنے کو بھگیاڑی چیک پوسٹ سے کسی دوسری جگہ منتقل کریں تاکہ دو طرفہ تجارت بحال ہو سکے اور ٹرانسپورٹرز کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔