گوجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی ) بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور غریب عوام پر ظالمانہ ٹیکسوں کی بھرمار اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پاکستان مرکزی مسلم لیگ گوجرانولہ کے زیر اہتمام کھیالی اڈا اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین نے گلے میں بل ڈال کر حکو مت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرے کی قیادت ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری شوکت علی ورک، کوآرڈینیٹر این اے 80 قاری سلمان یوسف، میڈیا کوآرڈینیٹر این اے 80 محمد حمزہ مہر، صدر خدمت خلق محمد غضنفر مغل ودیگر نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف زدہ بجٹ سے عوام زندہ درگور ہو رہی ہے، غریب عوام کے لئے دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہو گئی، بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھرمار ظلم ہے، حکمران الیکشن میں مہنگائی میں ریلیف دینے کے وعدے کرتے جبکہ آج مسلسل بجلی، گیس اور پٹرولیم کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پورے ملک میں عوام سراپا احتجاج، حکمرانوں نے اگر ہوش کے ناخن نہ لئے تو پھر ان کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران فوری طور پر بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کو ختم کریں تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔
مظاہرے میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔