پی ایس ایل 2021: ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 150 رنز کا آسان ہدف

0
42

ابوظہبی : پی ایس ایل 2021: ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 150 رنز کا آسان ہدف ،اطلاعات کے مطابق پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔

ابوظی میں کھیلے جا رہے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا خصوصاً شان بھرپور فارم میں نطر آئے اور 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔اس شراکت کا خاتمہ شان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جو افتخار کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو اگلی وکٹ کے لیے زیادہ ناتظار نہیں کرنا پڑا اور فواد احمد نے ایک ہی اوور میں محمد رضوان اور صہیب مقصود کا کام تمام کردیا۔

رائلی روسو کی ناکامیوں کا سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ صرف دو رنز بنانے کے بعد شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس مرحلے پر جانسن چارلس کا ساتھ دینے حماد اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 27 رنز جوڑے لیکن 137 کے اسکور پر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

یونائیٹڈ کو سلطانز کے ٹیل اینڈرز کو چلتا کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ فواد احمد اور فیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

ملتان سلطانز نے بھی اپنی ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے باؤلرز کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، عمر امین، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، علی خان اور فواد احمد۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، حماد اعظم، عثمان قادر، سہیل خان، بلیسنگ مزربانی، محمد عمر اور شاہنواز دھانی۔

Leave a reply