پی ایس ایل کے بقیہ میچ بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ
باغی ٹی وی : کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں ہونے والے بقیہ میچز بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچز بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آج اور ہفتے کو ہونے والے میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں تماشائی نہیں ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومتِ پنجاب کی سفارش پر پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز بھی بند اسٹیڈیم میں منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلے کا اطلاق پی سی بی سے منظور شدہ کمرشل پارٹنرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر سروس فراہم کرنے والے افراد پر نہیں ہوگا۔
اس کے علاوہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور فرنچائز مالکان کے اہلخانہ کو بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں داخلے کی اجازت ہوگی۔پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ ایونٹ میں شریک افراد کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تین میچز 15، 17 اور 18 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 15مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ہوگا۔
بورڈ کے مطابق لاہور کے میچوں کے لیے خریدی گئی ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بذریعہ ٹی سی ایس مراکز سے ہوگی جس کی تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔
ادھر کرونا وائرس کے پیش نظر سپر لیگ کیلئے آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو فری ہینڈ ملنے کے بعد انہوں نے واپسی کیلئے سیٹیں کنفرم کروا لیں، پشاور زلمی مینجمنٹ نے پی ایس ایل چھوڑنے کا فیصلہ غیر ملکی کھلاڑیوں پرچھوڑ دیا،پشاور زلمی منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن واپس جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں،انگلش کھلاڑی ٹام بینٹن،لیام ڈاسن اور لیوس گریگری اور لیام لیونگسٹن پشاور زلمی کا حصہ ہیں.
کراچی سے دو فلائٹس میں غیرملکی کھلاڑیوں کی سیٹ بک کی گئی ہیں،ای کے 603اور ای کے609سے غیرملکی کھلاڑی پاکستان سے اپنے ملک واپس جائیں گے،واپس جانے والوں میں لیونگ اسٹن ، لیام ڈاؤسن ، بریتھ وائٹ ، الیکس ہیلز شامل ہیں.
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کسی کھلاڑی نے گھر واپسی کی خواہش ظاہر نہیں کی،فی الحال گلیڈی ایٹرز کے کیمپ میں ساری صورتحال نارمل ہے، جبکہ ملتان سلطان کے وینس ریلی روسو بھی وطن واپس چلے جائیں گے۔دوسری جانب پی ایس ایل کے بقیہ میچز ملتوی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے،پی سی بی اور فرنچائز مالکان کے مابین مشاورت جاری ہے.








