پاکستان سپر لیگ 2020 کی رنگارنگ تقریب کا آغاز ہو گیا

0
48

پاکستان سپر لیگ 2020 کی رنگارنگ تقریب کا آغاز ہو گیا

باغی ٹی وی :پی ایس ایل کی کراچی میں ہونے والی پہلی افتتاحی تقریب کے لیے نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور شہر قائد کی سڑکوں پر جگہ جگہ پاکستانی پرچم اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہو چکا جس کے لیے گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، آئمہ بیگ، صنم ماروی اور ہارون سمیت 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جس کے بعد ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔

واضح‌رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 2016 میں متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا اور لیگ کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے اگلے ایڈیشن کے فائنل کے لاہور میں انعقاد کے ذریعے اسے پاکستان لانے کی تیاریاں کی گئی تھیں۔
ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے اگلے ایڈیشن کے تین میچز کا پاکستان میں انعقاد کیا گیا اور کراچی میں فائنل منعقد کرایا گیا۔
اس کے بعد پی سی بی نے لیگ کو مکمل طور پر پاکستان لانے کو عملی شکل دینے کے لیے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز کا کامیابی کے ساتھ پاکستان میں انعقاد کیا جس سے غیر ملکی کھلاڑیوں کا بھی پاکستان میں سیکیورٹی پر اعتماد بحال ہوا۔

چوتھے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے پانچویں ایڈیشن کو مکمل طور پر پاکستان میں منعقد کرانے کا اعلان کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے وزیراعظم کے خواب کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے پی ایس ایل 2020 کے مکمل طور پر پاکستان میں انعقاد کو یقینی بنایا۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے مکمل طور پر ملک میں انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے اعتماد کو بحال اور بڑی ٹیموں کو دورہ پاکستان کے لیے آمادہ کرنے میں مدد ملے گی۔

لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کی گئی جس میں ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ مالکان نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply