پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد نہ ہونے پر ان کی جماعت کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے دے دیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم نے ایک بڑی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان غیر ملکی سازش کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، تحریک انصاف کی ای سی سی نے عوام سے بھرپور احتجاج کی اپیل کی ہے.
فواد چوہدری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو قائد ایوان کا امیدوار نامزد کیا ہے، ایسا اس لئے کیا گیا ہے تاکہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا جاسکے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جس دن شہباز شریف پر فرد جرم عائد ہونی ہے اسی دن وہ وزیر اعظم کے لیے الیکشن لڑرہے ہوں گے۔ ہم چور اور ڈاکووں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کی کور کمیٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے پر قومی اسمبلی سے استعفے دیں گے۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے زیادہ تر ارکان نے پہلے ہی استعفے عمران خان کو دے چکے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد نہ ہوئے تو کل تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے مستعفی ہوجائیں گے۔
امپورٹڈ حکومت ماننے کیلئے کسی صورت تیار نہیں
اس موقع پر سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عوام امپورٹڈ حکومت کو ماننے کے لئے کسی صورت تیار نہیں، عمران خان آئندہ چند روز میں پشاور سے عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔
عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں
میڈیا سے بات کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ پورے پاکستان میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں، کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ ہم نہیں بیٹھ سکتے۔