اسلام آباد: ملک میںمعاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کاری کیلئے مسلسل کوشاں ہیں. امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم سے پاک امریکا بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی جس میں مشیرخزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر بھی موجود تھے۔ یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر محمود خان نے کی۔ وفد میں پاکستانی سرزمین پر کام کرنے والی معروف کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔
وزیر اعظم کے فیصلوں اور معاشی پروگرام میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے جوا ب میں پاک امریکا بزنس کونسل کے وفد نے پاکستان میں کام کرنے والی مختلف امریکی کمپنیوں سے متعلق پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں اور تجارتی حجم سے بھی آگاہ کیا۔
وفد سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں مثالی ترقی کا عمل 70 کی دہائی میں قومیانے کی پالیسی سے جمود کا شکار ہوگیا۔ ہم کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔