ہم ملک کی خاطر پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں،رانا ثنااللہ
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم ملک کی خاطر پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، وہ صرف اتنا کہہ دیں کہ ہم سے رابطہ کریں ہم خود ان کے پاس چلے جائیں گے۔
باغی ٹی وی : نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ سیاستدان اکٹھے ہوکر ملک کو سنبھالیں، ہم اس وقت بھی بات چیت کے لیے تیار تھے جب پی ٹی آئی ہمیں جیلوں میں ڈال رہی تھی
،سیاستدان پہلے بھی اور آج بھی معاملے کو کسی سمت لگنے نہیں دے رہے ، جب تک ہم مل کر نہیں بیٹھیں گے یہ مسائل جوں کے توں رہیں گے-رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم ملک میں سول بالادستی چاہتے ہیں، کسی ادارے سے محاذ آرائی ہرگز ہمارا مقصد نہیں، اگر اسٹیبلشمنٹ اپنے کردار میں واپس چلی جاتی ہے تو پھر ہمیں مزاحمتی بیانیہ اپنانے کی کیا ضرورت ہے، اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم بنانا شہباز شریف کی صوابدید تھی، یقیناً یہ فیصلہ نواز شریف کی مشاورت سے ہوا ہوگا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کوئی بھی بڑا فیصلہ کرنے سے قبل نواز شریف سے مشاورت کرتے ہیں، جلد جنرل کونسل کا اجلاس بلا رہےہیں اور امید ہے کہ قرارداد کے ذریعے ہی نواز شریف پارٹی صدر بن جائیں گےاحسن اقبال چاہتے ہیں کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سعد رفیق ہوں کیونکہ وہ پہلے بھی یہ ذمہ داری بخوبی نبھا چکے ہیں،ا سٹیبلشمنٹ نے ایک پراجیکٹ پر دس سال کام کیا اور پھر وہی ان کے گلے پڑ گیا، اب اسے ختم کرنے کا معاملہ چل رہا ہے۔