انتخابی دھاندلی،تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، تمام جماعتوں کو عوامی معلوماتی پلیٹ فارمز سے دفعہ 144 کے نافذ ہونے سے متعلق آگاہ کیا جا چکا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،خواتین اور 18 سال سے کم عمر بچے ایف 9 پارک اور ایف 6 کی طرف صبح 10 سے دن 1 بجے تک جانے سے گریز کریں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے احتجاج کی درخواست مسترد کر دی ہے، تحریک انصاف نے ڈی سی اسلام آباد کو احتجاج کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جو انتظامیہ کی جانب سے مسترد کردی گئی ہے، تاہم تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ احتجاج کیا جائے گا

اسلام آباد میں آج کا احتجاجی مقام، نیشنل پریس کلب کے سامنے خندقیں کھودی گئیں ہیں،تحریک انصاف کی ایف نائن پارک سے شروع ہونے والی ریلی نیشنل پریس کلب کی جانب سے گامزن ہے،ریلی کی قیادت شعیب شاہین، سمابیہ طاہر اور شیر افضل مروت کر رہے ہیں،ریلی سینٹورس کے سامنے پہنچ گئی ہے،ریلی میں تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنان شریک ہیں

تحریک انصاف کا احتجاج،لاہور پریس کلب کے باہرپولیس کی بھاری نفری،قیدی وین بھی پہنچ گئی
تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کی کال اڈیالہ جیل میں عمرا ن خان سے ملاقات کے بعد اسد قیصر ،اور شیر افضل مروت نے دی تھی، ملک کے دیگر شہروں میں بھی آج احتجاج کیا جائے گا، لاہور میں لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، پریس کلب کے باہر پولیس کی بھاری نفری پریس کلب کے باہر پہنچنا شروع ہو گئی ہے،پولیس قیدی وین بھی پریس کلب کے باہر پہنچا دی گئی ہے، عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے

لاہور میں احتجاج، سلمان اکرام راجہ بھی گرفتار
تحریک انصاف کی لاہور جیل روڈ آفس پر احتجاج کی کال،تحریک انصاف کے کارکنان جیل روڈ مرکزی آفس کے باہر پہنچنا شروع ہو گئے،پولیس کی بھاری نفری بھی جیل روڈ آفس پہنچ گئی ،تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریاں شروع ہو گئیں، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا،سلمان اکرم راجہ بھی احتجاج کے لیے جیل روڈ آفس پہنچ گئے،پولیس نے سلمان اکرم راجہ کو بھی حراست میں لے لیا، سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے ساتھ ہیں اور دھاندلی کے خلاف احتجاج بلند کرتے رہیں گے، یہ مجھے غیر قانونی طور پر گرفتار کر رہے ہیں، ہم حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے

تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے تحریک انصاف کے احتجاج کا شیڈول ٹویٹر پر پوسٹ کیا ہے، جس کے مطابق سینٹرل پنجاب میں 10 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا، لاہور پریس کلب ، قصور کے مسجد چوک، ننکانہ کے کچہری چوک، ناروال کے فیض احمد فیض پارک، گجرات کے جی ٹی ایس چوک، حافظ آباد کے پریس کلب، گجرانوالہ کے نوشہرہ روڈ الراہی اسپتال چوک، منڈی بہاؤالدین کے پریس کلب اور ملکوال چوک، شیخوپورہ صدرکےعلاقے اور سیالکوٹ کے کچہری چوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا

Shares: