تحریک انصاف کے لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسےکے حوالے سے انٹیلیجنس اداروں نے عمران خان سے متعلق تھریٹس سے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا.

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر لیاقت باغ جلسہ گاہ پہنچ گئے،ہاشم ڈوگر نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،آر پی او اور سی پی او راولپنڈی وزیر داخلہ پنجاب کے ہمراہ تھے.

باغی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرنے جارہی ہے تاہم لیاقت باغ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں.زرائع کے مطابق عمران خان کے خطاب کے لیے بلٹ پروف ڈائس منگوالی لی گئی ہے.بلٹ پروف، ڈائس کو ہنگامی بنیادوں پر نصب کیا جارہا یے،راولپنڈی پولیس کو ایلیٹ فورس کی معاونت بھی حاصل ہے

جلسے میں شرکت کیلئے آنیوالی خواتین کے لیے الگ انتظام کیا گیا ہے جبکہ ان کے داخلے کا راستہ بھی الگ سےمختص کردیا گیا،تاحال 2500کرسیاں لیاقت باغ میں لگائی گئیں ہیں،پی اتی آئی ذرائع کے مطابق باقاعدہ جلسہ شام چار بجے شروع ہوگا.

دوسری طرف پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب براہ راست دکھانے پر پابندی عائد کر دی۔ پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقریروں میں اداروں پر مسلسل بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں اور نفرت انگیزی پھیلا رہے ہیں، عمران خان اپنی تقریروں میں مسلسل اداروں اور افسران کے خلاف اکسا رہے ہیں۔

اعلامیے میں عمران خان کے ایف نائن پارک میں خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان امن عامہ کو خراب کر رہے ہیں، عمران خان کے خطاب آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہیں۔پیمرا اعلامیے کے مطابق عمران خان کی نفرت انگیزی سپریم کورٹ کے سوموٹو کیس میں فیصلے کے خلاف ہے، عمران خان کی تقریروں کا مواد لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بھی خلاف ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خطابات پیمرا قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، اب عمران خان کی صرف ریکارڈ کی گئی تقاریر نشر کی جاسکیں گی، عمران خان کے ریکارڈ شدہ خطاب مؤثر مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول کے ساتھ نشر کیے جائیں گے۔پیمرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیمرا ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف نائن پارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کی خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی دیتے ہوئے آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پر کیس کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Shares: