پی ٹی آئی کی لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کی درخواست مسترد

ڈپٹی کمشنر کے فیصلے پر دونوں جماعتوں نے انتظامیہ سے درخواست مسترد کرنے کا تحریری جواب طلب کیا
pti

راولپنڈی: ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کی درخواست مسترد کردی۔

باغی ٹی وی : پی ٹی آئی نے ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے جاری مہم کے دوران راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے درخواست دی تھی لیکن ڈی سی نے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی ، راولپنڈی کی انتظامیہ نے عوامی مسلم لیگ کو بھی جلسے سے روکتے ہوئے لال حویلی کے باہر انتخابی جلسے کی درخواست بھی مسترد کردی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ دفعہ 144 نافذ ہے اور ان جلسوں سے امن و امان خراب ہونے کا خطرہ ہے۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی نے لیاقت باغ میں 4 سے 6 فروری کے دوران کسی بھی دن اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 6 فروری کو لال حویلی کے سامنے جلسے کے لیے اجازت مانگی تھی، ڈپٹی کمشنر کے فیصلے پر دونوں جماعتوں نے انتظامیہ سے درخواست مسترد کرنے کا تحریری جواب طلب کیا اور ڈپٹی کمشنر کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے مقامی رہنما شہریار ریاض نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) شکست کا خوف اور گھبراہٹ کا شکار ہے۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو شیڈول انتخابات کے سلسلے میں لیاقت باغ میں حال ہی میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے جلسے کیے تھے جہاں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی تھی اور خطاب بھی کیا تھا۔

Comments are closed.