پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، الیکشن کمیشن نے کیا مطالبہ منظور

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔ 26 نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر چلے گی۔
رہبر کمیٹی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی چلائے اور جلد از جلد معاملے کو نمٹایا جائے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کیلئے پہلے ہی 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر چکا ہے، 26 نومبر سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں کیئے گئے تھے۔

رہبر کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بدھ کے روز درخواست دائر کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے سے قبل تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے اور اس مقصد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔

خیال رہے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روازنہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا غیر ملکی فنڈنگ کیس پانچ برس سے چل رہا ہے، تمام دستاویزات موجود ہیں، فیصلہ آئے گا تو حکومت اور پارٹی ختم ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ کل اکرم درانی نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو رہبر کمیٹی کی طرف سے یادداشت پیش کریں گے جس میں ان سے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ پر کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں تاخیر ملک قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والوں نے عوام کے چندے کے ساتھ کھلواڑ کیا، پی ٹی آئی بےقصور ہے تو وہ کیوں درخواست دے رہی ہے کہ مقدمے کی کارروائی خفیہ رکھی جائے۔فارن فنڈنگ کیس کرپشن کی تاریخ کا میگا اسکینڈل ہے:

Shares: