تحریک انصاف کو ووٹ کیوں دئیے، چکوال میں ن لیگی سابق کونسلر کا ایک خاندان پر بہیمانہ تشدد
ضلع چکوال کے شہر ڈھڈیال کے علاقے موہڑہ خورد میں اینٹوں اور ڈنڈوں سے مسلح ہو کر سابق لیگی کونسلر نے بیٹوں اور بھتیجوں کے ہمراہ زبردستی گھر کے اندر گھس کر مکینوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کے شوہر کے بازو ٹوٹ گئے جبکہ بیٹے محمد اکرم کا سر پھٹ گیا جسم کے دیگرحصوں پر بھی گہرے زخم آئے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے گھر کے اندر کھڑے ٹریکٹرکو آگ لگانے کی کوشش کی موہڑہ خورد میں محمداکرم بیوی بچوں کے ہمراہ گھر کے اندر کام کاج میں مصروف تھا کہ اسی اثناءمیں سابق مسلم لیگی کونسلر راجہ محمد جاوید نے بیٹوں احسن جاوید ،محسن جاوید ،بھتیجوں عدنان شفیق، مبشر شفیق اور سلیمان ادریس کے ہمراہ مل کر گھر کے اندر گھس آئے اور اینٹوں اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ادھیڑ عمر محمد اکرم اس کی اہلیہ ،بیٹے وسیم اشرف اینٹیں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ،محمد اکرم اور اس کی اہلیہ کے بازو ٹوٹ گئے۔ جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی شدید چوٹیں آئیں جبکہ وسیم اشرف کا سر پھٹ گیا ۔حملہ آوروںنے گھر کے اندر موجود ٹریکٹر کو آگ لگانے کی کوشش کی مگر لوگوں کے اکٹھا ہونے پر موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ریسکیو1122نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کیا تو حملہ آور وہاں بھی پہنچ گئے تاہم پولیس کی مداخلت سے ہسپتال میدان جنگ بننے سے محفوظ رہا۔ تھانہ ڈھڈیال میں واقعہ کی رپورٹ درج کرا دی گئی ہے۔دریں اثناءمضروب محمد اکرم اور اس کے بیٹے وسیم اشرف نے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔وجہ عناد یہ بتائی جاتی ہے کہ حملہ آور راجہ محمد جاوید نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو سپورٹ کی تھی جبکہ محمد اکرم اوراس کے خاندان نے پی ٹی آئی کو ووٹ دئیے تھے جس کی بناءپر چپقلش چل رہی تھی۔ وقوعہ کے وقت راجہ محمدجاوید اور دیگرملزمان نے یہ بہانہ بنا کر حملہ کیا کہ مضروب محمد اکرم اور ان کے بیٹوں نے ان کے ذاتی رستے کو استعمال کرنے کی کوشش کی ہے تاہم پولیس مصروف تفتیش ہے۔