پی ٹی آئی عہدیدار سے مبینہ طور پر لگژری گاڑی چھیننے کا مقدمہ درج
منگھوپیر سے مسلح ملزمان کی جانب سے پی ٹی آئی عہدیدار سے مبینہ طور پر لگڑری گاڑی چھیننے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ روڈ مہران سٹی کے قریب سے گزشتہ روز (ریو) ڈبل کیبن گاڑی میں سوار مسلح ملزمان پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار علی بادشاہ محسود سے اسلحے کے زور پر لگڑری گاڑی (فارچونر) رجسٹریشن نمبر BG.9252، 25 لاکھ نقد اور لائسنس یافتہ 9 ایم ایم پستول چھین کر فرار ہوگئے تھے، اس اطلاع پر پولیس نے علی بادشاہ سے رابطہ کیا اور واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، تاہم اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح علی بادشاہ نے مددگار 15پولیس کو اطلاع دی تھی ان کی گاڑی چھین لی گئی ہے، جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو مدعی کا کہنا تھا کہ چھینی نہیں گاڑی چوری ہوئی ہے جس میں 25 لاکھ نقد اور اسلحہ بھی تھا، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ فارچونر ایک لگڑری گاڑی ہے اور اس میں اتنے فیچرز ہوتے ہیں کہ اسے چوری کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم پولیس تمام زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے ۔