پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مفادات کو ترجیح دیتی ہے،

ملتان ۔ 27 اکتوبر(اے پی پی)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مفادات کو ترجیح دیتی ہے، کروڑوں کے ترقیاتی منصوبوں سے شہریوں کو ریلیف دلایا جارہا ہے ، ملتان کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے محلہ داؤد جہانیاں میں 80 لاکھ روپے کی لاگت سے ایک کلومیٹر سیوریج لائن ڈالنے کا افتتا ح اِسی مسئلہ کو حل کرنے کی کاوش ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محلہ داؤد جہانیاں میں سیوریج لائن کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ڈی واسا راؤ قاسم ، زاہد کھوکھر،صبغت اللہ انصاری اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔محمد ندیم قریشی نے کہا کہ تمام یونین کونسلوں میں خراب سیوریج لائنوں کی رپورٹس تیار کرلی گئی ہیں،ماسٹر پلان کے تحت بوسیدہ لائنوں کی جگہ نئی لائینیں ڈالی جائیں گی،

انہوں نے کہا کے سیوریج لائنیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے عوامی مشکلات محلہ داؤد جہانیاں میں ناقابل بیان تھیں۔ 80 لاکھ کی لاگت سے ایک کلو میٹر کی نئی لائن سے اس علاقے کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔ہماری حکومت پسند ونا پسند سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام کرا رہی ہے اور اہل علاقہ کو تعمیراتی کام کی نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج لائن ڈالنے کے بعد اس محلہ میں پچاس لاکھ کی لاگت سے ٹف ٹائلزکا کام بھی شروع کردیا جائے گا۔

Shares: