پشتون تحفظ موومنٹ کے حق میں بلاول کے بعد مریم نواز بھی بول پڑیں

پشتون تحفظ موومنٹ کی جانب سے شمالی وزیرستان میں پاک فو ج کے جوانوں‌ پر حملے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی پی ٹی ایم کے حق میں بول پڑیں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز نے کہا کہ ہر پاکستانی کی جان قیمتی اور اس کا خون مقدس ہے۔خون بہے تو حقائق قوم کے سامنے آنے چاہیں ۔محبت، امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقت ور ہیں۔ کیا ہم احتجاج کچلنے اور آوزیں دبانے کی بہت بھاری قیمت ادا نہیں کر چکے؟اللہ پاکستان پر رحم کرے

ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اندرونی طور پر کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ دونوں طرف اگر پاکستان کے بیٹے ہیں تو سیاسی ،صحافتی حلقوں سمیت ریاست کے تمام اداروں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا ورنہ ایک بار پھر پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی جاں بحق ھونے والوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور تمام زخمیوں کو صحت کاملہ سے نوازے ۔آمین

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ شمالی وزیرستان کے میران شاہ علاقہ میں پاکستانی فوج کی خارکمر چیک پوسٹ پر حملہ پی ٹی ایم رہنما محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں مسلح کارندوں نے کیا. حملہ آور گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی رہائی کیلئے دبائو ڈالنا چاہتے تھے. اس دوران پی ٹی ایم کارندوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور حملہ کیا جس سے 5 پاکستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائی میں‌ 3 حملہ آور مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں. مذکورہ واقعے کے بعد پی ٹی ایم رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر سمیت 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ محسن داوڑ موقع سے فرار ہوگئے۔

Comments are closed.