پاکستان کے معروف اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ وہ تُرک سیریز کے پاکستان میں نشر کرنے کے مخالف نہیں بلکہ پی ٹی وی پر نشر کرنے کے مخالف ہیں۔
باغی ٹی وی : مسلمانوں کی تیرھویں صدی کی اسلامی فتوحات پر مبنی تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو میں ڈب کر کے سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے ’ارطغرل غازی‘ نشر کی جارہی ہے- اور اسے نہ صرف مقبولیت حاصل ہو ئی بلکہ یہ پاکستانیوں کا پسندیدہ ڈرامہ بن گیا ہے اس ڈرامے کو پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کرنے کی مخالفت سب سے پہلے اداکار شان شاہد نے کی تھی-انہوں نے کہا تھا کہ ہماری تاریخ اور ہمارے ہیروز کو تلاش کرنے کی کوشش کریں –
اداکار شان کے اس بیان کے بعد سے ایک تنازع کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور سوشل میڈیا صارفین ارطغرل کے مداحوں سمیت مشہور شخصیات نے بھی اداکار کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے اداکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا-
جس کےبعد پاکستانی اداکار نے 14 جون کو کی گئی اپنی ایک ٹویٹ میں ’ارطغرل غازی ‘ کو ایک شاہکار سیریز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ’ارطغرل غازی‘ دیکھ کر ابھی فارغ ہوئے ہیں، بلاشبہ یہ ایک کلاسک شاہکار ہے۔
اداکار نے اپنی ٹویٹ میں ڈرامے کے پروڈیوسرز کا اتنا اچھا ڈرامہ بنانے پر خصوصی طور پر شکریہ اد اکرنے کے ساتھ ساتھ کاسٹ اور تکنیکی ماہرین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سیریز کو شاہکار بنانے کے لئے انتھک محنت کی-انہوں نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ یہ ڈرامہ انہوں نے نیٹ فلکس پر دیکھا ہے-
شان شاہد کی جانب سے ترک ڈرامے کو کلاسک قرار دینے پر کئی لوگ حیران رہ گئے تھے، کیوں کہ سب سے پہلے انہوں نے ہی اس ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنیکی مخالفت کی تھی۔
تاہم شان شاہد کی جانب سے ڈرامے کی تعریف کیے جانے پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ پہلے انہوں نے دیکھے بغیر ہی ڈرامے کی مخالفت کی اور اب تعریفیں کر رہے ہیں۔
شان شاہد نے خود پر ہونے والی تنقید کے بعد ٹویٹر پر وضاحتی نوٹ شئیر کیا اور بتایا کہ وہ اب بھی ڈرامے کو سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کے مخالف ہیں۔
Dear all pic.twitter.com/GGT3R5lHFA
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) June 15, 2020
شان شاہد نے لکھا کہ ان کی جانب سے ڈرامے کی تعریف کو غلط سمجھا گیا اور انہوں نے جو پہلے ڈرامے پر ٹویٹ کی تھیں وہ ڈرامے کے خلاف نہیں بلکہ اسے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے کی مخالفت میں تھیں۔
اداکار نے لکھا کہ سرکاری ٹی وی نے گزشتہ 25 سال سے عوام سے اربوں روپے کا ٹیکس وصول کیا مگر کوئی بھی ایسا شاہکار نہیں پیش کرسکی جس پر ہمیں فخر ہو۔ لیکن وہ اس ڈرامے یعنی ارطغرل غازی کے مخالف کبھی بھی نہیں تھے-
انہوں نے لکھا کہ پچھلے چند ہفتوں سے وہ سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں کہ ہم سب نفرت، بغیر کسی وجہ تنقید اور دوسروں پر ملامت کرنے کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں اور بغیر کسی وجہ سے دوسروں پر ملامت کرنے کے لئے تیا ر رہتے ہیں-
شان نے لکھا کہ پی ٹی وی پر اپنے ملک کے نظریے اور ہیروز کے فروغ سمیت دیگر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں جو وہ اب تک پوری کرنے میں بُری طرح ناکام ہے۔
اداکار نے لکھا کہ ماضی میں نجی چینلز غیر ملکی مواد نشر کرتے آئے ہیں لیکن انہوں نے کبھی اس کی مخالفت نہیں کی نہ کریں گے، مسئلہ صرف سرکاری چینل پر دوسرے ملک کی پروڈکشن نشر کرنے سے ہے۔








