پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم بڑھا دی،حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم میں دو لاکھ سے 3 لاکھ روپے اضافہ کردیا۔

اعلامیے کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا کو 8 لاکھ کے بجائے 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ شدید زخمی افراد، مکمل تباہ اور جزوی تباہ ہونے والے گھروں کے متاثرین کی امداد رقم میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

سیلاب میں شدید زخمی ہونے والوں کی امداد 3 لاکھ مقرر کردی گئی جبکہ سیلاب میں مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے افراد کی امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی۔جزوی متاثرہ گھروں کی مالی امداد 40 ہزار سے بڑھا کر دو لاکھ کر دی گئی،مویشیوں کی ہلاکت پر بڑے جانور کے فی کس نقصان کی مالی امداد 20 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث 3 اضلاع راجن پور ،ڈی جی خان اور میانوالی سب سے زیادہ متاثر ہوئے، تینوں اضلاع میں 37 یونین کونسلز کے 236 موضع جات متاثر ہوئے۔حکام کے مطابق ان تین اضلاع میں 4 لاکھ ایک ہزار 977 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ ایک لاکھ 78 ہزار 186ایکڑ پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ نے سیاحت کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے۔‘عالمی یوم سیاحت منانے کا مقصد پنجاب میں سیاحت کا فروغ ہے’

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم سیاحت منانے کا مقصد پنجاب میں سیاحت کا فروغ ہے، پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں، پنجاب کے سیاحتی مقامات غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے لئے یکساں دلچسپی کا باعث ہیں۔

پرویزالہیٰ نے کہا کہ سیاحت سے نہ صرف مقامی ثقافت بلکہ معیشت بھی فروغ پاتی ہے، سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔

Shares: