راجن پور۔ (اے پی پی)حکومت پنجاب لوگوں کو پینے کے صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے کئی منصوبے فراہم کررہی ہے۔ اس سلسلے میں ”آبِ پاک اتھارٹی“ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر راجن پور محمد افضل ناصر خان کی زیر صدارت منعقدہ ہوا۔اجلاس میں مقامی ایم پی اے و ایم این اے کے نمائندگان کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنما علی رضا خان دریشک، اسسٹنٹ کمشنر راجن پور مراد حسین، ایکسین پبلک ہیلتھ جاوید احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ یعقوب شیروانی، تنزیل الرحمن علوی، رشید ساجد اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر یونین کونسل میں چار واٹر سپلائی سکیمیں اور پانچ فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، میونسپل کمیٹی کی حدود میں 10 فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اس سے قبل جو بھی واٹر سپلائی سکیمیں اور فلٹریشن پلانٹ لگائے گئے ہیں ان کی فہرست فراہم کی جائے۔

Shares: