پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے پنجاب میں ہونے والے میچز کے سکیورٹی اخراجات کے حوالے سے حکومت پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔

باغی ٹی وی: پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس حوالے سے اجلاس میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیاکہ بورڈ اپنےمؤقف پر ڈٹا رہے گا پنجاب حکومت کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ سکیورٹی اخراجات کی مد میں حکومت کو کوئی ادائیگی نہیں کی جائے گی-

پی سی بی کی جانب سے نگران حکومت پنجاب کی جانب سے پی سی بی کو 25 کروڑ روپے ادا کرنے کے پیغام پر جواب دے دیا گیا ہے کہ ادائیگی نہیں کی جائےگی۔

پی سی بی کی جانب سے حکومت پنجاب کو پیغام بھیجا گیا ہے کہ لاہور میں دو پی ایس ایل میچز کے بعد لیگ کے بقیہ میچز کراچی میں ہوں گے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر کسی کھلاڑی نے دستبرداری کا فیصلہ کیا تو بورڈ ذمے دار نہیں ہوگاسیکیورٹی کی ذمےداری اسٹیٹ کی ہے، ٹیموں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہے۔

دوسری جانب سابق چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے اپنےبیان میں کہا کہ اگر حکومت سکیورٹی نہیں دے گی تو بڑا ٹورنامنٹ نہیں ہوسکے گا، پی ایس ایل دوسرے شہروں میں شفٹ کرنے سے بہت نقصان ہوگا۔

جبکہ نگران حکومت کے وزیر تعلیم منصور قادر نے بتایا کہ اس سال پی ایس ایل کے انتظامات کا تخمینہ ایک ارب 20 کروڑ روپے لگایاگیا، اتنی بڑی رقم خرچ کرنے پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے تحفظات ہیں غیر ضروری اخراجات ختم کرکے پی ایس ایل پر اخراجات کا تخمینہ 50 کروڑ روپے لگایا گیا جس میں سے ہم 25 کروڑ روپے خرچ کرنے کو تیار ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 کروڑ روپے دینے سے انکار کر دیا ہے ہم نے پی سی بی سے کہا کہ 25 کروڑ روپے دے کر لائٹیں خرید لیں، تاکہ ہر سال کام آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فوری بعد رمضان شروع ہو رہا ہے، مالی بحران کا شکار حکومت رمضان میں عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل پر اتنی بڑی رقم خرچ کرنے سے گریزاں ہے، حکومت پنجاب کو رمضان میں عوام کو ریلیف دینا مشکل ہو رہا ہے ہم چاہتے ہیں کہ پی سی بی اپنا شیئر ڈالے تاکہ عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ رمضان میں سہولت بھی دے سکیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سکیورٹی کیلئے سرکاری خزانے سے 50 کروڑ روپے دینے سے انکار کردیا تھا آج نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی سربراہی میں پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے اس فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کیا گیا تھا۔

ذرائع‏ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پی سی بی پر واضح کیا گیا تھا کہ پنجاب حکومت تب انتظامات کرے گی جب پی سی بی 25 کروڑ روپے ادا کرےگاکابینہ میں مؤقف اپنایا گیا کہ پنجاب حکومت اب تک پی ایس ایل میچز کے انتظامات پر 45 کروڑ روپے لگا چکی ہے۔

خیال رہے کہ کل کراچی میں پی ایس ایل کا آخری میچ شیڈول ہے جس کے بعد فائنل سمیت تمام میچز لاہور اور پنڈی میں شیڈول ہیں۔ معاملہ طے نہ ہوا تو ایونٹ کا شیڈول تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

Shares: