شدید دھند، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند سے ہر شے دھندلا گئی، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔
پنجاب کے کئی علاقوں میں دھند کے بادل چھا گئے، ہر منظر دھندلا گیا۔ شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، چیچہ وطنی میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ساہیوال، پتوکی، اوکاڑہ اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
موٹروے پولیس نے دھند میں شہریوں کو بغیر ضرورت سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا، پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔