وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کے تمام اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، آصف نکئی

لاہور ۔ یکم اگست(اے پی پی )صوبائی وزیربرائے مواصلات وتعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدارکی ہدایات کی روشنی میں پنجاب کے تمام اداروں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، ان اصلاحات کی بدولت عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی اور اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی، ورثے میں ملے بحرانوں سے نجات کے ساتھ ساتھ حکومت معاشی استحکام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ملکی حالات میں بہتری اسی صورت آئے گی جب حکومت اور عوام ایک پیج پر ہوں گے جس کے آثار نمایاں ہیں کیونکہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ آصف نکئی نے کہا کہ کرپشن نے اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچادیا ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کی قیادت میں کرپشن کا خاتمہ کر کے ملک کو سنوارنے کا عزم رکھتی ہے، بدعنوانی کے مرتکب افراد کی کوئی چال کامیاب نہیں ہو گی اور انہیں حساب دینا ہوگا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلا امتیاز احتساب کے باوجود بھی اپوزیشن کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں ۔ لوٹ مار، ذاتی مفادات اور چہیتوں کو نوازنے کی سیاست کی وجہ سے پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کا شکار ہوا ۔ انہوں نے کہا ملک میں بلاتفریق احتساب کے بغیر ترقی ناممکن ہے اگر اپوزیشن لیڈروں کے ہاتھ صاف ہیں تو چیخنے چلانے کی بجائے عدالتوں کا سامنا کریں ۔

Shares: