بجلی اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد پنجاب بھر میں فلور ملز نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔
باغی تی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے بجلی اور پیٹرول کی قیمت بڑھنے کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔ فلور ملزم ایسوسی ایشن نے لاگت بڑھنے کے سبب پنجاب بھر میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں محتاط اندازے پر 60 روپے اضافے کا عندیہ دیا۔
پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی اور پیٹرول ریٹ بڑھنے سے آٹے کی قیمت میں فی الحال معمولی اضافہ ہوا ہے، حساب کتاب کے بعد نئی قیمت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کی قیمت میں توازن برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت کوچینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے کی تجویز پیش کی جائے گی.وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو معاشی ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے،ضرورت مند طبقے کو اشیا ضروریہ میں سبسڈی کے لئے تاریخی اقدامات کر رہے ہیں .
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کاشتکار پر ظلم کے مترادف ہے، حمزہ شہباز نے نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ کھاد اور دیگر اشیاء ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیزکر دیا جائے.
اس سے قبل یکم جون کو وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہواتھا، اجلاس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے جبکہ پنجاب کابینہ نے وزیر اعلی عوامی سہولت پیکیج کی منظوری دی تھی.
اجلاس کے دوران پنجاب بھر میں سستے آٹے کی فراہمی پر 200 ارب روپے کی سبسڈی کے فیصلے کی توثیق کی گئی، پورے صوبے میں 10 کلو آٹا تھیلا 160روپے سستا کرنے کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی تھی.
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو آگے لے کر جائیں گے، جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال کر کابینہ کی تشکیل میں بے پناہ تاخیر کی گئی۔اللہ تعالیٰ اگر ہم سے مخلوق کی خدمت کا کام لینا چاہ رہا ہے تو کوئی نہیں روک سکتا۔ معیشت سسکیاں لے رہی ہے اور عوام پریشان ہیں، مایوسی کے دور میں ہمیں امید کی کرن بننا ہے،صورتحال ”اک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے“ کے مصداق ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں 10کلو آٹا تھیلا 490 روپے میں فروخت کرنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی ،وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا اظہار گیا جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کو گندم دینے کی منظوری بھی دی گئی.اجلاس میں گندم ریلیز پالیسی کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی جبکہ کابینہ نے پاسکو سے گندم خریدنے کی اجازت دے دی.