پنجاب میں چینی وافر مقدار میں موجود،سیئنر وزیر کا دعویٰ

پنجاب میں چینی وافر مقدار میں موجود، کہیں کوئی قلت نہیں:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
چینی کی درآمد سے صورتحال بہتر ہوئی، قیمت بھی نیچے آ گئی:کابینہ کمیٹی اجلاس
صوبے میں کرشنگ کا آغاز ہو چکا، چینی کی مقامی پیداوار بھی شروع ہو گئی:بریفنگ

تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پنجاب کی کابینہ کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں چینی کے ذخائر اور طلب و رسد کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ چینی کی درآمد سے صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور پنجاب بھر میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے،کہیں کوئی قلت نہیں۔ اسی طرح چینی کی قیمت میں بھی استحکام پیدا ہوا ہے اور مارکیٹ میں چینی پہلے کی نسبت کم قیمت میں فروخت ہو رہی ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرشنگ کا آغا زہو چکا ہے اور پنجاب میں چینی کی مقامی پیداوار بھی شروع کر دی گئی ہے جس سے آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید بہتری آئے گی اور صورتحال معمول کے مطابق ہو جائے گی۔

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے چینی کی امپورٹ اور محکمہ خوراک و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس کی تقسیم کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے صارفین کو کم قیمت پر چینی مہیا ہو رہی ہے اور پنجاب حکومت کے علاوہ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی چینی موجود ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت سارے صوبے میں شوگر ملز گنے کی کرشنگ کر رہی ہیں اور مقامی چینی آنے کے بعد چینی کی مزید امپورٹ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اجلاس میں وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی اور وزیر آبپاشی سردار محسن لغاری نے بھی شرکت کی اور چینی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خوراک نے صوبے میں ضلع وار درآمدی چینی کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال گنے کی فصل بہتر ہوئی ہے،شوگر ملز کو گنے کی سپلائی جاری ہے اور انشاء اللہ چینی کی پروڈکشن ضرورت سے زیادہ ہونے کی توقع ہے۔سیکرٹری زراعت، کین کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

Comments are closed.