پنجاب میں گیس بحران شدت اختیارکر گیا، گیس اور بجلی نہ ملنے پر 400 کے قریب ٹیکسٹائل ملز بند ہو گئی ہیں۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق پنجاب میں چوتھے روز بھی ٹیکسٹائل ملز کو گیس کی سپلائی بند ہے،گیس نہ ملنے پر 400 کے قریب ٹیکسٹائل ملز کی بندش سے ایک ارب ڈالر کی برآمدات کم ہوں گی-
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن(آپٹما) کے ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل ملز کو برآمدی آرڈر پورے کرنے میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ ٹیکسٹائل ملز کی بندش سے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین فارغ ہو گئے ہیں۔
آپٹما نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر ٹیکسٹائل برآمدات میں ممکنہ کمی سے آگاہ کردیا ہ اپٹما کے پیٹرن ان چیف گوہراعجاز نے کہا ہے کہ گیس کی بندش سے ایک ارب ڈالرز کا زرِمبادلہ ضائع ہو جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف فوری نوٹس لیں اورگیس بحال کی جائے مہنگے ڈیزل سے ٹیکسٹائل ملز چلانا ممکن نہیں-
دوسری جانب سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈسٹریل بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،انڈسٹریل،برآمدی سیکٹر کے مسائل کے فوری حل میں پاکستان کی معاشی بقا پوشیدہ ہے ان سیکٹرز کی مدد سے مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔