لاہور میں گرمی کا راج برقرار،تاہم بارش کی نوید بھی سنا دی گئی
لاہورسمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے ، 22 سے 25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا کہ 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کے امکانات ہیں۔ مزید یہ کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی بارشوں کے امکانات ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی۔ بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پرانی عمارتوں، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
لاہور میں موسم شدید گرمی ہے، حبس کم ہونے کا نام نہیں لے رہی،لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے
کراچی میں شدید گرمی کے بعد موسلادھار بارش، موسم خوشگوار
دوسری جانب شہر قائد کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے، کراچی کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے،کراچی کے جنوبی علاقے کورنگی،گزری،کلفٹن، ڈی ایچ اے میں بارش ہوئی ہے،گلشن معمار، گلشن حدید ملیر تک بارش شروع ہو چکی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں مسلسل داخل ہو رہا ہے جس کے سبب آج اور کل سندھ کے مختلف مقامات پر گرج چمک، درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔
پشاور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری، گرمی کی شدت میں کمی آگئی ،پشاور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، ہوائیں نہ چلنے کی وجہ سے حبس محسوس ہو رہی ہے تا ہم بادلوں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا امکان ہے،آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور سمیت دیگر اضلاع میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے.