لاہور: پنجاب پولیس نے محتلف اداروں کی جانب سے خریداری میں 2 ارب 13 کروڑ روپے کی مالی بےضابطگیوں کے تاثر کو مسترد کر دیا-
باغی ٹی وی :ترجمان پنجاب پولیس نے صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں پولیس کے حوالے سے جمع کروائی گئی آڈٹ رپورٹ کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کردیا اور کہا کہ محکمہ پولیس سمیت حکومت پنجاب کے تمام تر اداروں کی آڈٹ رپورٹس کا ہر سال پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی میں جمع کروایا جانا معمول کی کارروائی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ محکمہ پولیس سمیت تمام محکمہ جات آڈٹ رپورٹس کے اعتراضات کا مفصل جواب متعلقہ کمیٹی میں جمع کرواتے ہیں، پنجاب پولیس کی طرف سے خریداری کی مد میں پروسیجرل نقائص ممکن ہیں تاہم مالی بے ضابطگی کا تاثر ہرگز درست نہیں ہے پنجاب پولیس اپنے شعبوں میں خریداری کی مد میں تمام دستاویزی ثبوت اور ریکارڈ متعلقہ فورم پر پیش کر چکی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ پنجاب پولیس متعلقہ کمیٹی میں آڈٹ رپورٹس کا ٹھوس حقائق پر مبنی مفصل جواب جمع کروا چکی ہے اور مزید آڈٹ پیرا اعتراضات کی مد میں جمع کروائے گئے مفصل جوابات اور محکمانہ مؤقف کو متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی، جوابا ت اور دستاویزی ریکارڈ تسلی بخش پائے جانے پر متعلقہ اکاونٹس کمیٹیاں اعتراضات کو داخل دفتر کر دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی براے داخلہ میں جمع کروائی گئی آڈٹ رپورٹ 2023-24 میں کہا گیا تھا کہ تمام پولیس اداروں نے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریداریاں کیں، ایس پی ڈولفن اسکواڈ لاہور نے موٹر بائیکس کے پرزہ جات خریدنے پر 8 کروڑ کی بڈز سکیورٹی وصول نہیں کیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے گاڑیوں کی مرمت پر 6 کروڑ 58 لاکھ خرچ کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آئی جی پنجاب آفس نے 1 ارب 62 کروڑ روپے کی خریداری کی، سیف سٹی اتھارٹی نے سامان فراہم کرنے میں تاخیر پر نجی کمپنیوں کو 5 کروڑ سے زائد لیٹ ڈیلیوری چارجز عائد نہ کیے آئی جی پنجاب آفس نے خریداری میں 4 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی مالی بےضابطگیاں کیں، ڈی پی او گجرات نے گاڑیوں کی مرمت پر 3 کروڑ 15 لاکھ روپے کی مالی بےضابطگیاں کی۔
کنگ خان، شاہ رخ خان کتنے اثاثوں کے مالک؟
رپورٹ کے مطابق ایس پی پولیس ریسپانس یونٹ ڈولفن نے 2 کروڑ 15 لاکھ خریداری کی، ڈی پی او گجرات نےغذائی اشیاء کی خریداری ٹینڈر کے بجائے 1 کروڑ 89 لاکھ کی کوٹیشن پر کی، ڈی پی او شیخوپورہ نے 84 لاکھ روپے کے موبل آئل کی خریداری میں بےضابطگی کی، سی پی او فیصل آباد نے بلیک لسٹ کمپنی سے 82 لاکھ کی خریداری کی ایلیٹ پولیس فورس لاہور نے 4 کروڑ 24 لاکھ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریداری کی۔