پولیس فورس کی ورکنگ اور تھانوں کے امور میں مزید بہتری کے پیش نظر سپروائزری افسران کیلئے جدید مانیٹرنگ سسٹم کا آغازکردیا۔ ڈی آئی جی آئی ٹی وقاص نذیرنے ویڈیو لنک اجلاس میں سپروائزری افسران کو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی ورکنگ بارے آگاہ کیا۔
محکمہ پولیس مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چھ اضلاع سے کیاجارہا ہے۔پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز قصور، نارووال، جھنگ، میانوالی، اوکاڑہ اور ڈیرہ غازی خان سے ہو گا،مانیٹرنگ ڈیش بورڈ میں نفری، جرائم، تفتیش، سیکیورٹی، پٹرولنگ، انسپکشن، ڈسپلن اور پولیس اسٹیشن ریکارڈ کو جدید سسٹم کے تحت انٹی گریڈ کردیاگیا ہے۔

ڈی پی اوز اور ڈی ایس پیز مانیٹرنگ ڈیش بورڈ سے اپنے متعلقہ تھانوں کے درج بالاامور کی مانیٹرنگ کرسکیں گے۔ ایف آئی آرکا اندراج ہوتے ہی سپروائزری افسران کو مانیٹرنگ ڈیش بورڈ پر الرٹ ظاہر ہوجائے گا۔ وقاص نذیر نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کو پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ انٹی گریڈ کیا گیاہے۔پائلٹ پراجیکٹ سے حاصل شدہ فیڈ بیک کی روشنی میں مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی مزید اپ گریڈیشن کی ضرورت ہوئی تو کیا جائے گا۔

مذکورہ بالا مانیٹرنگ سسٹم کو یکم جنوری2021سے صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں بھی فعال کردیاجائے گا۔ مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی بدولت سپروائزری افسران اپنے دفاتر میں بیٹھ کر تھانوں کے امور کی نگرانی کر سکیں گے۔ اجلاس میں قصور، نارووال، جھنگ، میانوالی، اوکاڑہ اور ڈیرہ غازی خان کے ڈی پی اوز او ر ڈی ایس پیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

Shares: