پنجاب ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں چلانے کے متعلق اہم اعلان کردیا
باغی ٹی وی :ٹرانسپورٹرز نے ٹریفک چلانے کے متعلق اہم علان کر دیا ، یہ اہم اعلان آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کی حکومتی وفد کیساتھ ملاقات میں کیا گیا۔ جی ٹی روڈ پر پنجاب اور موٹروے پر وفاقی حکومت کے ایس او پیز ہوں گے۔
تفصیل کے مطابق آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مسافر گاڑیاں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پنجاب میں جی ٹی روڈ پر بیس فیصد کم کرائے کے ساتھ گاڑیاں چلائی جائیں گی تاہم موٹروے پر سفر کرنے والوں کو پرانے کرائے ہی ادا کرنا ہونگے۔
چیئرمین آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن عصمت اللہ نیازی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہے۔ تاہم موٹروے نے نئے ایس او پیز جاری کیے، اس پر ابہام تھا۔ پنجاب حکومت نے مرکز سے مذاکرات کا وعدہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ پر پنجاب جبکہ موٹروے پر وفاقی حکومت کے ایس او پیز ہوں گے۔ 80 فیصد گاڑیاں موٹروے پر سفر کرتی ہیں۔
مسافروں کیلئے ماسک اور گلوز لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ بخار یا کھانسی سے متاثرہ مسافر وں کو بس میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لئے عید سے قبل پبلک ٹرانسپورٹ چلانے اعلان کیا گیا تھا مگر ٹرانسپورٹرز ایس او پیز کے معاملے پر تحفظات کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز میں مسافروں کی تعداد پر ڈیڈ لاک تھا۔ ٹرانسپورٹرز نے ایس اوپی کے تحت 50 فیصد مسافروں کے ساتھ گاڑیاں چلانے سے انکار کیا تھا۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس اوپیز کے ساتھ گاڑیاں چلانا ممکن نہیں۔ تین فٹ کا سماجی فاصلہ رکھنا پڑے تو آدھی گاڑیاں خالی لے جانا پڑیں گی۔ کرائے کم ہوسکتے ہیں مگر آدھی سواریوں کے ساتھ گاڑیاں چلانا ممکن نہیں۔دوسری جانب لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے محکمہ اوقاف نے مزارات پر ڈس انفیکشن ٹنل نصب کررکھی ہیں، جب کہ مزارات پر آنے والوں کو احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کرایا جائے گا۔ داتادرباراور دربار پاکپتن سمیت تمام درباروں کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے