مزنگ پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مؤثر ایکشن، واردات کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی گئی

لاہور، مزنگ پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران میانی صاحب قبرستان میں چھپے دو ریکارڈ یافتہ موٹر سائیکل چور گرفتار کر لیے گئے۔

ڈی ایس پی عرفان اکبر بٹ کے مطابق گرفتار ملزمان سجاد اور اس کا ساتھی حیدر پولیس کو مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ دونوں ملزمان مزنگ، لٹن روڈ اور لاہور کے دیگر علاقوں میں موٹر سائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان چوری کی وارداتوں میں مہارت رکھتے تھے اور موٹر سائیکل کا لاک کھولنے کے لیے ماسٹر چابیاں استعمال کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں، غیر قانونی اسلحہ اور ماسٹر چابیاں برآمد کی گئیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جس سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے متحرک کارروائی پر ایس ایچ او مزنگ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

Shares: