چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ٹریفک لائن باچا خان چوک میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرزافتخار علی، ایس پی ٹریفک کینٹ امان اللہ ، ایس پی سٹی ٹریفک عبد السلام خالد ، ڈی ایس پیز ، سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سلام کلام کی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک وارڈنز اور اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں کیونکہ ہم ان ہی کی خدمت کیلئے سڑکوں پر ڈیوٹیاں انجام دیتے ہیں اور ٹریفک عملہ ڈسپلن پر خصوصی عمل پیرا رہے ٹرن آوٹ اور ٹائم کی پابندی کا خاص خیال رکھیں ۔
انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی اور چیف کیپیٹل پولیس آفیسر عباس احسن کے ویژن کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو پورے صوبے کیلئے رول ماڈل بنائینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار تجاوزات کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد کلیئر کردہ ایریا پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ پھر کوئی تجاوزات قائم نہ کریں اور پلازوں میں پارکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کنارے گاڑیاں نہ کھڑی کریں اور سڑکوں کی روانی متاثر نہ ہو اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی
جبکہ غفلت مرتکب افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ہیلمٹ ، سیٹ بیلٹ ، کالے شیشوں والی گاڑیوں ، اوور لوڈنگ ، ون ویلنگ اور اوور سپیڈنگ سمیت دیگر جاری مہمات میں تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی اولین ترجیح ہے جس کو ہر صورت میں عملی جامہ پہنایا جائیگا ۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز کو بھی ہدایت کی کہ وہ دوران سفر ڈرائیونگ اصولوں پر کاربند رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے قانون سے کوئی بالاتر نہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں جائیگی ۔
پی آر او شھاب خان سٹی ٹریفک پولیس پشاور