قطری شاہی خاندان کے رکن واپس روانہ،چیئرمین سینیٹ نے کیا الوداع
قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور ایئرعربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی 7 رکنی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کو الوداع کہا۔ وفد چیئرمین سینیٹ کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر تھا۔ دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو فروغ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اعلی سطح وفود کے تبادلوں سے باہمی معاونت کاری کو مزید فروغ ملے گا ۔
وفد کے رہنما نے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا۔ رہنما قطری وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں ۔دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال مفید رہا، مستقبل میں اچھے نتائج برآمد ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے قطر کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا،چیئرمین سینیٹ نے وفد کے رہنما کو دورے سے متعلق تصویروں کی البم بھی پیش کی۔ وفد کے رہنما نے بہترین مہمان نوازی پر چئیر مین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا ۔
قبل ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قطر کے شاہی خاندان کے رکن اور ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی کے اعزا ز میں عشائیہ دیا۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کے رہنما کو عشائیہ میں خوش آمدید کہا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے کی ترقی و خوشحالی کا مشترکہ وژن رکھتے ہیں اورتجارتی، سفارتی و ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔