قوم پرست جماعتوں کے لیڈر و کارکنان قومی دھارے میں شامل،پاکستان سے وفاداری کا حلف
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں سے قوم پرست جماعتوں کے کارکن قومی دھارے میں شامل ہو گئے،سندھ کے شہروں سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں و رہنماؤں کی بڑی تعداد نے قوم پرست جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر اور دل دل پاکستان جان جان پاکستان، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگاتے ہوئے قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان کیا ہے،
سکھر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قوم پرست کارکنوں و رہنماؤں جئے سندھ متحدہ محاذ ضلع خیرپور کے سابق صدر شاکر حسین،جسقم کے سیکرٹری جنرل صابر راجپر،جسقم کے جوائنٹ سیکرٹری ناظم الدین لاکھو، جسقم کے ورکر امتیاز چانگ، محمد الیاس بلوچ، محمد حسین، محبوب علی، حامد علی، عبداللہ، ماجد حسین، علی عباس، مقصود حسین، نجیب علی، شعیب علی خاصخیلی ضلع نوشہرو فیروز سے تعلق رکھنے والے جسقم کے کارکنان ممتاز علی چنوں، قاسم، وحید بروھی، عالم، معشوق علی ڈاھری، راحب کیریو، مبارک میمن، سردار شاہ، نجم علی، محمد جمن ودیگر نے کہا کہ وہ اب پاکستان سے وفادار رہیں گے آج سے ان کا کسی قوم پرست جماعتوں سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ان قوم پرست تنظیموں نے ان کو ملک کے خلاف استعمال کیا لیکن اب وہ اپنی جانیں تک ملک وقوم کے لیے قربان کرنے کو تیار ہیں اور کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
سندھ کے شہر کندھکوٹ میں 70 سے زائد فراریوں نے رینجرز، پولیس اور سول حکام کی موجودگی میں ہتھیار ڈال دیئے,
کندھکوٹ کے 82 ونگ شہباز رینجرز کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران علاقے کے تیغانی، جاگیرانی، چولیانی، میرانی، سبزوئی، جتوئی، سرکی، نندوانی و دیگر قبائل سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد فراریوں نے غیر قانونی اور مجرمانہ فعل ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
تقریب میں فراریوں نے اپنا اسلحہ و گولیاں سیکٹر کمانڈر شہباز رینجرز کرنل محمد ساجد کے حوالے کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ، ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹھیانی اور ایس ایس پی کشمور اسد رضا شاہ بھی موجود تھے۔قومی دھارے میں شامل ہونے والوں نے آئندہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں اور مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث نہ ہونے کے عزم کا اظہار کیا اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے سندھ رینجرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
کندھ کوٹ سے حکام کا کہنا ہے کہ سیکٹر کمانڈر شہباز رینجرز کرنل محمد ساجد، ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ، ڈپٹی کمشنر کشمور منورعلی مٹھیانی اور ایس ایس پی اسد رضا شاہ نے قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو قومی پرچم اور دیگر تحائف پیش کیے اور ان کے قومی دھارے میں شامل ہونے کے جذبے کو بھی سراہا۔