قائداعظم اک عظیم اور دوراندیش رہنماتھے ، قوم قیامت تک ان کی احسان مند رہے گی ، مصطفی کمال
کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بانی پاکستان و قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ قائد اعظم ایک عظیم دوراندیش لیڈر تھے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قائداعظم کے بعد پاکستان کو بد قسمتی سے ان کے معیار کی قیادت نصیب نہیں ہوئی۔ انہوں نے اپنی بیماری کو نظر انداز کر کے دن رات پاکستان کی تعمیر کے لیے محنت کی۔ ان کی جدوجہد کے بدولت ہم آج ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ پاکستانی قوم تا قیامت قائداعظم کی احسان مند رہے گی۔
سید مصطفیٰ کمال نےنے کہا کہ لسانیت، فرقہ پرستی اور بددیانتی کے خاتمے کے بغیر پاکستان حقیقی معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان نہیں بن سکتا۔ بانی پاکستان کو انکی بے تحاشہ خدمات پر جتنی بھی خراجِ تحسین پیش کی جائے وہ کم ہے۔ آج پوری قوم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قائد اعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے۔