ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے جدہ کے لئے براہ راست فلائٹس بلوچستان کے عوامی کا دیرینہ مطالبہ تھا،

کوئٹہ ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے جدہ کے لئے براہ راست فلائٹس بلوچستان کے عوامی کا دیرینہ مطالبہ اور بنیادی حق تھا جس کے افتتاح پر بلوچستان کے عوام اور عمرے پر جانے والوں کی خوشی دیدنی ہے ہم جہاں بھی رہے ہمیں اپنے ووٹ اور مٹی کا حق ادا کرنا ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹیڑیٹ کے مطابق یہ بات ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ ائیرپورٹ پر کوئٹہ سے ڈائریکٹ جدہ فلائٹس کی افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ ، سیکرٹری جنرل باری بڑیچ ، سید بسم اللہ آغا ،نوابزادہ شریف جوگیزئی، سیکرٹری اطلاعات محمد آصف ترین ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید میر علی آغا ، غفار کاکڑ ، سیف اللہ کاکڑ ، اختر مندوخیل و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے عمرہ ادا کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہوں جو تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئٹہ سے براہ راست جدہ بغیر کسی تکلیف اور پریشانی کے پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جنہیں پچھلے ادوار میں لاوارث اور محروم رکھا گیا ان کے ازالے کے لئے ہم قائد انقلاب عمران خان کی قیادت میں ہر فورم پر اس کے سفیر بن کر اس کا مقدمہ لڑیںگے اور آج کی اس کامیابی کی طرح ہر میدان میں سرخرو ہوں گے۔

قاسم خان سوری نے پی آئی اے کے مینجنگ ڈائریکٹر بلوچستان خلیل احمد کھوسہ ، کوئٹہ ائرپورٹ کے مینیجر قاسم خلجی ، چیف سیکورٹی آفیسر اے ایس ایف مقبول احمدو دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں یہ انتظامی بنیادوں پر بلوچستان کے عوام کے لئے ہر طرح کے وسائل بروئے کا ر لا کر آسانیاں پیدا کریں گے جو ان کا دیرینہ اور بنیادی حق ہے۔ اس موقع پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قائدین نے قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا جو بلوچستان سے عمرہ کی ادائیگی کے لئے جانے والوں کے لئے آسانی کا سبب ہوگا جو نہ صرف بلوچستان کے باشندوں کے لئے باعث خوشی ہے بلکہ اس سے پاکستان تحریک انصاف کا عوامی خدمت کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے،

Shares: