میں پاکستان ہوں…!!!
[تحریر:مریم وفا]۔
14 اگست کی روشن صبح اور ایک گہری یاد…
قربانیوں کی طویل داستاں اور آزادی کی فریاد…
وطن عزیز پاکستان کے قیام
کے پیچھے قربانیوں کی ایک انمٹ داستان پوشیدہ ہے….جوانوں نے اپنی جوانیاں لٹائیں،ماوں نے اپنے جگر گوشے قربان کئے….معصوم پھول انیوں میں پروئے گئے….عفت مآب آبگینے کرچی کرچی ہوئے….گھر بار قربان ہوئے….مال ودولت سے ہاتھ دھونے پڑے….ہجرت کی صعوبتیں سہنا پڑیں….غرضیکہ ہر دکھ درد کے راستے سے گزر کر یہ ملک خداداد پاکستان ہمارا مقدر بنا…
وطن عزیز کے قیام کے پیچھے ایک لمحے، دن، ہفتوں یا پھرمہینوں کی جدوجہد پوشیدہ نہیں بلکہ عشروں کی جہدمسلسل کے بعد یہ آذاد وطن معرض وجود میں آیا….لیکن دو قومی نظریے کی بنیاد پر حاصل کی گئی یہ ارض وطن اپنے قیام سے لےکر آج تک ایک ایسے المیے سے دوچار رہی کہ جس کے رد کے لیے ہمارے آباواجداد نے قربانیاں دیں….اور آج بھی اسی غلط سوچ کی تشہیر بڑے شدومد سے کی جاتی ہےاور یہ بات ازبر کروانے کی ایک سعی لاحاصل کی جاتی ہے کہ الگ قیام کے بغیر بھی پڑوسی ملک کے ساتھ رہا جا سکتا تھااور وہی غیر اسلامی وغیراخلاقی رسومات بڑےپیمانےپر پروان چڑھانے کی کوشش کی جاتی ہے جن سے نجات کے لئے خون کی ندیاں عبور کی گئیں….دشمنان وطن،وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے لیےقیام پاکستان سے لےکر آج تک ہر میدان میں سرگرداں ہیں کہ کسی نہ کسی طرح اس اسلامی قلعے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے اپنے عزائم کی تکمیل کی جائے….اب یہ اہلیان وطن کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمن کے ہر وار کاشدومد سے ہی مقابلہ کریں وہ وار چاہے اسلامی اقدار پر ہو،رنگ ونسل کی بنیاد پر کیا جائے یاصوبائیت کی آگ بھڑکا کر کیا جائے،ہمیں ہر حال میں اس دھرتی کی حفاظت کا عزم لے کر آگے بڑھنا ہے کہ یہ پاک وطن ہے تو سب کچھ ہے ورنہ ہماری سب پہچان نا مکمل ہے…..یہ وطن قربانیوں کی بدولت ملا اب اسے سنبھالنے کے لیے بھی قربانیاں ہی درکار ہیں….یہ قربانیاں چاہے اغیار کی رسومات کے بائیکاٹ کی صورت دینا پڑیں….چاہے یہ مالی ہوں یا جانی….ہمیں ہر صورت اپنی ملی ومذہبی اقدار کوسینے سے لگا کر آگے بڑھنا ہے چہ جائیکہ اپنے اور اسلام کے دشمنوں کی اندھی تقلید میں اندھے ہو کر اپنی پیاری روایات کو پس پشت ڈالا جائے…. وطن عزیز کی یہی صدا ہے…!!!
میں پاکستان ہوں!
اپنوں کا مان ہوں
غیروں کی آنکھ میں
کٹکھتا تھان ہوں
میں بنا شہیدوں کے خوں سے
میں بڑھا شہیدوں کے خوں پہ
میں قربانیوں کی اک
عظیم داستان ہوں
میں پاکستان ہوں
میں پاکستان ہوں
میرے محسن مجھ پہ واری ہیں
میرے دشمن مجھ سے عاری ہیں
میں اپنوں کی چاہت کی اک
روشن پہچان ہوں
میں پاکستان ہوں
میں پاکستان ہوں!!!
====_====_====__====

Shares: