اسلام کی خاطر شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے والی سابق اداکارہ رابی پیر زادہ نے رمضان المبارک کی مناسبت سے حمد اور نعت شریفﷺ کی ریکارڈنگ کروانے کے بعد قرآن پاک لکھنے کاکام شروع کر دیا ہے۔
باغی ٹی وی : رابی پیرزادہ نے شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد پینٹنگ و آرٹ ورک کا کام شروع کیا تھا اور وہ سوشل میڈیا پر اپنے آرٹ ورک کی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جبکہ وہ گلوکاری کے بعد نعت و حمد بھی پیش کرتی دکھائی دیں تاہم اب انہوں نے قرآن پاک لکھنے کاکام شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ساتویں سپارے کی کتابت نصف تک ہوگئی ہے، الحمد اللہ جو لوگ قرآن لکھنا اور دیکھتے اور دوسروں تک پہنچاتے ہیں، وہ سب میرے ثواب میں شامل ہیں، آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت قرآن کو پڑھنا اور سمجھنا ہے، قرآن پاک کو لکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ صحابہ کرام نے کتنی محنت اور محبت سے قرآن پاک لکھا۔
رابی پیرزادہ کا کہنا ہے کہ مجھے گلوکاری یا اداکاری کرکے اتنی خوشی نہیں ہوتی تھی جتنی قرآن پاک کو لکھ کر ہورہی ہے۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ پچھلے رمضان روز لائیو آکر سیرتِ محمد رسول اللہ ﷺپڑھا تھا، اس دفعہ کا ٹاپک گائیڈ کریں، میں تقریباً سارے بڑےعلما سے رہنمائ لیکر اور مستند کتابیں پڑھ کر دین سیکھتی اور سناتی ہوں۔آپ میرے لیے اہم ہیں اور آپ کی رائے ضروری۔
انہوں نے کہا کہ شمیر بھائی کرسچن ہیں، میرے شوبز کے تقریباً سارے گانے یہی بناتے تھے، اب میری حمد اور نعت ریکارڈ کرتے ہیں، پاکستان کی خوبصورتی یہ ہے کہ ہر مذہب کے لوگ ایک دوسرے کے دوست ہیں، اللہ میرے ملک کو محفوظ رکھے۔ آمین