سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) انجمن اسلامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام 113ویں سالانہ عظیم الشان سیرت رحمت اللعالمین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس فقیدالمثال کانفرنس کی سرپرستی حضرت مولانا حکیم محمد عبدالواحد نے کی۔ ناظم دعوت و تبلیغ مجلس احرار الاسلام پاکستان حضرت مولانا سید عطاءالمنان شاہ بخاری اور حضرت مولانا ڈاکٹر محمد سعد صدیقی نے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کی۔

حضرت مولانا حکیم محمد عبدالواحد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس وقت حضرت محمد ﷺ کی سیرت کو اپنانا اور آپ ﷺ کی عملاً اطباع کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جہانوں میں کامیابی صرف اطباع رسول ﷺ سے ممکن ہے۔

حضرت مولانا سید عطاءالمنان شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی نعمت حضور نبی کریم ﷺ کی ذات ہے اور ہمیں اپنے رب کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں اپنا محبوب عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی آمد سے دنیا نور سے منور ہو گئی اور گمراہی کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو اپنانے پر زور دیا اور کہا کہ آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

حضرت مولانا ڈاکٹر محمد سعد صدیقی نے بھی کانفرنس میں خطاب کیا اور نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ تمام نبیوں کے سردار اور آخری نبی ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں جہانوں کے لیے رحمت اللعالمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات و صفات کا تذکرہ ضروری ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کی سیرت کو اپنانا بھی ناگزیر ہے تاکہ دنیا و آخرت سنور جائے۔

اس موقع پر مولانا محمد عبدالباسط، مولانا حماد انذر قاسمی، ڈاکٹر شیخ عبدالخبیر، ناظم دارالشفقت انجمن اسلامیہ سیالکوٹ عثمان احمد خان، صدر انجمن اسلامیہ سیالکوٹ پروفیسر خواجہ راشد جاوید، آنریری جنرل سیکرٹری محمد افضل ڈیوڑا، اور آنریری جائنٹ سیکرٹری عبد الحمید نظامی بھی موجود تھے۔

Shares: