سانحہ تیزگام ابتدائی تحقیقات مکمل، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

لاہور:اکتوبر کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے، آج اس مہینے کی آخری تاریخ کو جو حادثہ پیش آیا یہ بھی بھلایا نہیں جاسکتا، ریلوے پولیس نے رحیم یار خان میں تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی ہے، فرانزک ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق تیزگام حادثے کا مقدمہ ٹرین گارڈ محمد سعید کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ ریلوے پولیس خان پور ملتان ڈویژن میں درج کیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا گیا۔ڈی جی فرانزک ایجنسی کا کہنا ہے کہ پولیس اور فرانزک ماہرین نے سلنڈر کے ٹکڑے جمع کر کے فرانزک لیبارٹری بجھوا دیے، فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاحال کام میں مصروف ہیں۔

ڈاکٹر اشرف طاہر نے بتایا کہ بہاولپور ملتان کے فرانزک ماہرین شواہد جمع کر رہے ہیں، اطلاعات کے مطابق 65 لاشیں ناقابل شناخت ہیں، جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا، لواحقین کو ٹریس کر کے ان کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔ڈی جی کا کہنا تھا کہ ٹرین کی بجلی سے آگ لگنے کے امکانات کم ہوتے ہیں، تاہم اس سلسلے میں حتمی کچھ نہیں کہا جا سکتا، سانحے کی حتمی رپورٹ آنے میں وقت لگے گا۔

Comments are closed.