کوئٹہ:بلوچستان میں بدھ، جمعرات سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی سامنے آئی ہے، کوئٹہ: محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے اس شدید سردی سے بچنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں،
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں 18 جنوری کو داخل ہو رہی ہیں، 19 جنوری کو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
کوئٹہ، ڑوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا خدشہ ہے تاہم بارش فصلوں اور باغات کے لئے فائدہ مند رہے گی۔بلوچستان میں بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
ادھرمحکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو مزید سخت سردی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آئے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 21 یا 22 جنوری سے سردی کی نئی لہر آنے کا امکان ہے، اس دوران شہر قائد کا درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں رہے گا۔
ڈائریکٹر میٹ آفس سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سردی کی نئی لہر ایک ہفتے تک برقرار رہے گی، کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے باعث ہوگا۔
اس دوران کراچی میں موسم سرد اور خشک رہے گا، آج بروز منگل 17 جنوری کو شہر کا درجہ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 32 رہا۔